اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین کا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر بحث کا مطالبہ

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی کی ’فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ‘ پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 9 اراکین نے میانمار کی فوج کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر مبنی اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کو زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ’فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ‘ پر بحث کا مطالبہ کرنے والوں میں سلامتی کونسل کے 15 میں سے 9 اراکین میں برطانیہ، فرانس اور امریکا شامل ہیں تاہم روس اور چین کی جانب سے بحث کی قرارداد کی مخالفت کرنے کا امکان ہے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے روہنگیا مسلمانوں پر ’ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ‘ رواں برس اگست میں جاری کی تھی جس میں مظالم پر میانمار کے اعلیٰ فوجی افسران کے خلاف جنگی جرائم کے تحت عالمی عدالت برائے انصاف میں مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشہ برس میانمار فوج اور بدھ مت کے انتہا پسند پیروکاروں نے ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کا قتل کیا، درجنوں خواتین کی عصمت دری کی گئی اور کئی افراد کو زندہ جلا دیا گیا تھا جس کے باعث 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو بنگلا دیش میں پناہ لینا پڑی۔