شارجہ میں پاکستانی ٹیم پھر ایکشن میں دکھائی دے گی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
دبئی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں کی ففٹی مکمل کرنے کی جانب بڑھنے لگا۔ فوٹو: اے ایف پی

دبئی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں کی ففٹی مکمل کرنے کی جانب بڑھنے لگا۔ فوٹو: اے ایف پی

دبئی: شارجہ میں پاکستانی ٹیم پھر ایکشن میں دکھائی دے گی جب کہ آئندہ برس مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچز کا امکان روشن ہے۔

شارجہ کو دنیا کا معروف کرکٹ وینیو بنانے میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا، مگر اب وہ افغانستان کا بھی ہوم وینیو بن چکا جو وہاں اپنی پریمیئر لیگ منعقد کررہا ہے، اس کے بعد وہاں ٹی 10 لیگ اور سال کے آخر میں یو اے ای لیگ کا انعقاد ہوگا۔

پاکستان نے رواں سیزن میں اپنا کوئی میچ شارجہ میںنہیں رکھا مگر آئندہ برس پی ایس ایل فورکے بھی وہاں مقابلوں کا امکان ہے، پی سی بی آسٹریلیا سے مارچ میں شیڈول ون ڈے سیریز کے وینیوز میں بھی شارجہ کو شامل کرسکتا ہے۔

چیئرمین احسان مانی کی شارجہ میں کرکٹ کا پھول کھلانے والے عبدالرحمان بخاطر سے ملاقات ہوئی، دونوں نے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بات کی، اس کے علاوہ بھی دونوں میں مشترکہ مفادات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز دبئی اور ابوظبی میں منعقد ہوئی،اب یہاں کینگروز اور اس کے بعد 31 اکتوبر سے نیوزی لینڈ سے بھی ٹوئنٹی 20 میچز ہوں گے۔ ان سیریز سے دبئی کا انٹرنیشنل اسٹیڈیم بھی دنیا میں سب سے زیادہ مختصر ترین فارمیٹ کے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کا اپنا ریکارڈ بہتر بنائے گا۔

اب تک دبئی 43 ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی کرچکا جو اس کے قریب ترین حریف شیر بنگلہ اسٹیڈیم سے 6 میچز زائد ہیں، حالیہ سیریز کے بعد یہ تعداد بڑھ کر49ہو جائے گی۔ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر ہی پاکستان کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ٹی 20 میچزکی ٹکٹیں جلد فروخت کیلیے پیش کردی جائیں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔