2018 میں ریلیز ہونے والی کامیاب پاکستانی فلمیں

زنیرہ ضیاء  پير 17 دسمبر 2018
رواں سال ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اورعلی ظفر  کا جادو شائقین پر سر چڑھ کر بولا فوٹوفائل

رواں سال ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اورعلی ظفر کا جادو شائقین پر سر چڑھ کر بولا فوٹوفائل

کراچی: سال 2018 اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے تاہم یہ سال پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کافی اچھا ثابت ہواہے رواں سال پاکستانی سینما میں کئی اچھی اور معیاری فلمیں ریلیز ہوئیں جنہیں شائقین کی جانب سے بے حدپسند کیاگیا اور یہ فلمیں باکس آفس پر بھی اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

رواں سال پاکستان میں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘، ’طیفا ان ٹربل‘ سمیت متعدد فلمیں ریلیز ہوئیں یہ فلمیں نہ صرف شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں بلکہ باکس آفس پر اچھا بزنس بھی کیا۔ پاکستان میں معیاری اور اچھی فلموں کی بدولت یہ سوچ پروان چڑھنے لگی ہے کہ اب پاکستانی فلم انڈسٹری بھی مستحکم ہوچکی ہے اور ہماری فلموں کا معیار کسی بھی بین الاقوامی یا بھارتی فلموں سے کم نہیں۔

پرچی

اداکارہ حریم فاروق، علی رحمان خان اور شفقت چیمہ کی فلم ’پرچی‘رواں سال جنوری میں ریلیز کی گئی۔ فلم کو پاکستانی شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس ملا۔ اس کے علاوہ فلم ’پرچی‘ سعودی عرب میں دکھائی جانے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی،سعودی سینما سے 35 سال بعد  پابندی ہٹائے جانے کے بعد سعودی سفارت خانے میں فلم کی اسپیشل اسکریننگ کی گئی تھی۔

کیک

مارچ 2018 میں فلم ’کیک‘ ریلیز کی گئی جس میں اداکارہ آمنہ شیخ، صنم سعید، عدنان ملک نے مرکزی کرداراداکیا۔ رشتوں میں آنے والے اتار چڑھاؤ پر مبنی ڈراما فلم ’کیک‘ کو نا صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی بے حد پسند کیا گیا۔ ’کیک‘ نے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جب کہ اسے ایوارڈز کی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز آسکر کے لیے بھی نامزد کیاگیا۔

موٹر سائیکل گرل

اپریل میں فلم’موٹر سائیکل گرل‘ ریلیز ہوئی فلم میں اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے مرکزی کردارادا کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر تو خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکی تاہم اپنے منفرد موضوع کے باعث اسے بے حد پزیرائی حاصل ہوئی۔

سات دن محبت ان

ماہرہ خان کے مداحوں کو شدت سے فلم’سات دن محبت ان‘ کا انتظار تھا اور یہ انتظار عیدالفطر کے موقع پر فلم کی ریلیز کے ساتھ ختم ہوا، فلم میں ماہرہ خان نے  پہلی بارمزاحیہ کردارمیں شائقین کا دل جیت لیا جب کہ اداکار شہریار منور کی اداکاری کو بھی سراہا گیا، فلم باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس تو نہیں کرسکی تاہم کامیاب ضرور رہی۔

آزادی

عیدالفطر کے موقع پر ہی ریلیز ہونے والی فلم ’آزادی‘ کو بھی شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیاگیا، فلم میں پاکستانی سپر اسٹار معمر رانا اوراداکارہ سونیا حسین نے مرکزی کردار ادا کیا۔ کشمیری مجاہد کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی فلم ’آزادی‘ کو بھی شائقین نے بے حد سراہا۔

طیفا ان ٹربل

رواں سال جولائی میں ریلیز ہونے والی علی ظفر اورمایا علی کی فلم’طیفا ان ٹربل‘2018 کی پہلی سپرہٹ فلم ثابت ہوئی جس نے پاکستان اور بیرون ملک کروڑوں کا بزنس کیا، فلم کو پاکستان سمیت بیرون ممالک میں بھی بے حد پسند کیاگیا۔

جوانی پھر نہیں آنی 2

عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، کبریٰ خان، احمد علی بٹ اور ماورا حسین جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ رواں سال کی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی جس نے 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا، نا صرف کاسٹ اورکہانی  بلکہ یہ فلم کسی بھی اعتبار سے کسی انٹرنیشنل فلم سے کم نہیں تھی فلم کو بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ نے بھی بے حد سراہا۔

پرواز ہے جنون

عیدالاضحیٰ ہی کے موقع پر ریلیز ہونے والی دوسری فلم ’پرواز ہے جنون‘ کو بھی شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس دیکھنے کو ملا تاہم یہ فلم باکس آفس پر’جوانی پھر نہیں آنی2‘ جیسا بزنس کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

لوڈ ویڈنگ

عیدالاضحیٰ کے موقع پرریلیز ہونے والی تیسری فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کے حوالے سے توقع کی جارہی تھی کہ یہ فلم بھی سپرہٹ ثابت ہوگی تاہم فلم شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکی اور ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ اور’پرواز ہے جنون‘ سے پیچھے رہ گئی۔

ڈونکی کنگ

اکتوبر میں ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ کامیڈی فلم ’ڈونکی کنگ‘ کو منفرد موضوع اورکہانی کی وجہ سے شائقین سمیت متعدد اسٹارز کی جانب سے بھی بے حد پزیرائی حاصل ہوئی اور فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ناکام فلمیں

’پری‘ اور ’مان جاؤنا‘

رواں سال فروری میں دوفلمیں ’پری‘ اور ’مان جاؤنا‘ پیش کی گئیں۔ ہارر فلم’پری‘ میں اداکارہ خوشی ماہین، رشید ناز، سلیم مراج اور قوی خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے تاہم فلم شائقین کو زیادہ متاثر نہ کرسکی۔ اسی ماہ ایک اور پاکستانی فلم ’مان جاؤنا‘ ریلیز کی گئی جس میں ایرانی اداکارہ ایلناز نوروزی، عدیل چوہدری، ایاز سومرو، آصف رضامیر نظر آئے تاہم یہ فلم بھی باکس آفس پر زیادہ بزنس نہیں کرسکی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔