پی سی بی کے وعدوں نے فرنچائززکا غصہ ٹھنڈا کردیا

سلیم خالق  منگل 15 جنوری 2019
نشاندہی کرنے والے اماراتی کرکٹرزمعطلی مکمل کرینگے،جرمانہ چیریٹی میں جائیگا
فوٹو: فائل

نشاندہی کرنے والے اماراتی کرکٹرزمعطلی مکمل کرینگے،جرمانہ چیریٹی میں جائیگا فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی کے وعدوں نے فرنچائززکا غصہ ٹھنڈا کر دیا گزشتہ روز لاہور میں میٹنگ کے دوران نمائندوں کو یقین دلایا گیا کہ پروڈکشن کے اخراجات سابقہ ہی رہیں گے اور پاکستان کے میچز میں بورڈ انھیں برداشت کرے گا۔

ٹیموں سے کہا گیا کہ وہ قوائد کے مطابق پلیئرز فیس کی 50 فیصد رقم جلد ادا کریں پھر دیگر مطالبات پر غور ہوگا۔ پی ایس ایل فرنچائزز کو اعتراض تھا کہ پروڈکشن اخراجات بڑھنے سے ان کو نئی ٹی وی رائٹس ڈیل سے زیادہ  فائدہ نہیں ہوگا، سالانہ12 ملین ڈالرز میں سے5 ملین سے زائد اس مد میں خرچ ہونے تھے، سابقہ رقم2.4 ملین بنتی تھی،ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گورننگ کونسل میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے فرنچائزز کو خوشخبری سنائی کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کے پروڈکشن اخراجات پی سی بی برداشت کرے گا، یوں انھیں گزشتہ ایونٹ کے مساوی رقم ہی خرچ کرنا پڑے گی، انھوں نے بتایا کہ چونکہ اس بار ملک میں زیادہ میچز ہو رہے ہیں اور یو اے ای میں بھی ابوظبی کا اضافہ ہو گیا۔

اس لیے پروڈکشن کے اخراجات بڑھ گئے، ذرائع نے مزید بتایا کہ فرنچائزز کے نمائندوں نے بورڈ سے اسپانسر شپ معاہدوں وغیرہ میں شیئر بڑھانے کی بھی بات کہی مگر ان کو جواب دیا گیاکہ پہلے وہ اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کریں، اب تک کسی بھی ٹیم نے پلیئرز فیس کی 50 فیصد رقم جمع نہیں کرائی ہے حکام نے انھیں جلد از جلد ایسا کرنے کی ہدایت دی، یاد رہے کہ قوانین کے تحت ڈرافٹ کے فوراً بعد پلیئرز فیس کی آدھی رقم بورڈ کو دینا ہوتی ہے، 30 فیصد ایونٹ سے قبل اور باقی 20 فیصد درمیان میں دینے کا طریقہ ہے، بورڈ کھلاڑیوں کو خود ادائیگی کرتا ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ فرنچائز کے نمائندے پہلی بار میٹنگ سے خوش خوش واپس گئے،ان کو یقین ہوگیا کہ بورڈ شکایات کا جلد ازالہ کر دے گا،احسان مانی نے ان کے مسائل حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے آنے سے انھیں اور مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔