آئی سی سی کا مکمل کنٹرول بھارت کے پاس آنے لگا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 16 جنوری 2019
ماضی میں نشریاتی ادارے سے منسلک رہنے والے مانو ساہنی5 ماہ تک موجودہ چیف ایگزیکٹیوکی شاگردی اختیار کریں گے فوٹوفائل

ماضی میں نشریاتی ادارے سے منسلک رہنے والے مانو ساہنی5 ماہ تک موجودہ چیف ایگزیکٹیوکی شاگردی اختیار کریں گے فوٹوفائل

 دبئی:  آئی سی سی ’انڈین کرکٹ کونسل‘ بن گئی،اس کا مکمل کنٹرول بھارت کے پاس آنے لگا۔

کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کے دوسرے اہم ترین عہدے پر بھی بھارتی شخص کو تعینات کردیا گیا، جنوبی افریقی ڈیورچرڈسن کی جگہ مانو ساہنی چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی ذمہ داری سنبھالیں گے، ماضی میں نشریاتی ادارے کے معاملات دیکھنے والے آفیشل 5 ماہ تک موجودہ سی ای او کی شاگردی اختیار کریں گے، وہ جولائی میں مکمل طور پر معاملات سنبھال لیں گے، چیئرمین کے عہدے پر پہلے ہی بھارت کے ششانک منوہر فائز ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے افراد کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اہم ترین عہدوں پر تقرر کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین ششانک منوہر کے بعد اب دوسرے اہم ترین عہدے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیلیے بھی بھارت سے ہی تعلق رکھنے والے مانو ساہنی کا تقرر کیا گیا ہے، وہ فروری میں کونسل کو جوائن کریں گے جبکہ جولائی میں باقاعدہ طور پر موجودہ چیف ایگزیکٹیو اور سابق جنوبی افریقی کرکٹر ڈیو رچرڈسن سے ذمہ داری سنبھالیں گے،ان کے عہدے کی مدت انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے بعد ختم ہوجائے گی۔ فروری سے جولائی کے دوران مانو ساہنی، ڈیو رچرڈسن کی شاگردی اختیار کرتے ہوئے معاملات سنبھالنے کے گُرسیکھیں گے، انکا انتخاب نامزدگی کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے سربراہ خود ششانک منوہر ہی ہیں۔

کمیٹی کا حال ہی میں لندن میں اجلاس ہوا جس میں شارٹ لسٹ ہونے والے 4 امیدواروں میں سے ساہنی کا انتخاب کیا گیا،آئی سی سی بورڈ نے منگل کو تقرری کی توثیق بھی کردی تاہم عہدے کی مدت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ سی ای او کی پوسٹ کیلیے شارٹ لسٹ ہونے والے چاروں امیدواروں میں سے کسی کا بھی تعلق کرکٹ سے نہیں تھا، پہلے ہی آئی سی سی نے واضح کردیا تھا کہ اس پوسٹ پر نان کرکٹنگ شخصیت کا تقرر کیا جائے گا۔ ساہنی اس سے قبل آئی سی سی کے نشریاتی حقوق کے حامل ادارے میں 17 برس تک کام کرچکے جہاں پر ترقی پاتے ہوئے وہ منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر پہنچے تھے، انھوں نے پہلی بار اس ادارے کی آئی سی سی کیساتھ 2007 سے 2015 تک کے دورانیے کی ڈیل کرائی تھی۔

اس کے بعد وہ سنگاپور کی ایک اسپورٹس کمپنی میں چلے گئے، جہاں پر سی ای او کے طور پر کام کیا اور اب بھی اس کے نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں۔ مانو ساہنی مانچسٹر یونائیٹڈ اسپورٹس کی آڈٹ کمیٹی میں بھی رہ چکے ہیں۔  تقرری کے حوالے سے آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے کہاکہ ساہنی نے اسپورٹس اور براڈ کاسٹنگ دونوں شعبوں میں ہی قائدانہ کردار ادا کیا ہے، وہ کرکٹ کے منظر نامے اور پیچیدگیوں کو سمجھتے ہیں۔ مانو ساہنی نے کہاکہ میں ایسے وقت میں آئی سی سی کو  جوائن کررہا ہوں جب یہ کھیل کے فروغ کیلیے نئی حکمت عملی پر کام کرنے والی ہے، میں آنے والے برسوں میں کھیل کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔