پی ایس ایل 4 کیلیے دبئی میں رونقیں بڑھنے لگیں

اسپورٹس رپورٹرز  ہفتہ 9 فروری 2019
لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی قیادت میں بھرپور مشقوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ فوٹو: فائل

لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی قیادت میں بھرپور مشقوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ فوٹو: فائل

کراچی / لاہور: پی ایس ایل 4کیلیے دبئی میں رونقیں بڑھنے لگیں جب کہ کپتان محمد سمیع سمیت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملکی کرکٹرز پہنچ گئے۔

پی ایس ایل فور کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملکی کرکٹرز دبئی پہنچ گئے، کپتان محمد سمیع اور رومان رئیس کراچی دیگر متعلقہ شہروں سے روانہ ہوئے، سمت پٹیل انگلینڈ سے یو اے ای پہنچے، دیگر کی آمد کا سلسلہ بھی جاری تھا۔

روانگی سے قبل نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے رومان رئیس نے کہا کہ میں ایک سال کرکٹ سے دور رہا،اب پی ایس ایل فورکیلیے بہت پُرجوش ہوں، میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ محمد سمیع کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے، میرا ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو بھی انہی کی کپتانی میں ہوا تھا، وہ ایک فائٹر کرکٹر ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے پاکستانی کرکٹرز اپنے شہروں سے روانہ ہونے کے بعد دبئی پہنچ گئے، کپتان ڈیرن سیمی کی آمد بھی جمعے کی شب تک شیڈول تھی،کامران اکمل، عمید آصف، ثمین گل ، نبی گل، سمیع اللہ آفریدی،عمر امین ، جمال انور ،خالد عثمان اور ابتسام شیخ کیساتھ ہیڈکوچ محمد اکرم اور منیجر ارشد خان بھی روانہ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم جمعرات کو دبئی پہنچ گئی تھی،قومی ٹیم کے دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد حفیظ نے بھی ساتھیوںکو جوائن کرلیا،لاہور قلندرز نے بھرپور مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ فرنچائز کے ساتھ نئے سفر کا آغاز ہورہا ہے،میری کوشش ہوگی کہ اس بار نتائج ماضی سے مختلف ہوں، انھوں نے کہا کہ ٹیم کا کمبی نیشن اچھا اورامید ہے کہ پرستاروں کو مایوسی نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں رنگارنگ تقریب کے ساتھ ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔