انڈر 19 ہاکی میلہ آج سے راولپنڈی میں سجے گا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 17 فروری 2019
پنجاب کی 4 ٹیمیں حصہ لیں گی، سندھ اور خیبرپختونخوا سے 2،2 سائیڈز شامل۔ فوٹو: فائل

پنجاب کی 4 ٹیمیں حصہ لیں گی، سندھ اور خیبرپختونخوا سے 2،2 سائیڈز شامل۔ فوٹو: فائل

لاہور: بین الصوبائی انڈر19 ہاکی چیمپئن شپ کا میلہ اتوار سے راولپنڈی میں سجے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام بین الصوبائی انڈر19 ہاکی چیمپئن شپ اتوار سے شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہو گی۔انتظامیہ کے مطابق ایونٹ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے، پاکستان ہاکی میں نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے ہم سب بہت پرجوش ہیں۔

چیمپئن شپ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ملحقہ صوبوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی ان ٹیموں میں پنجاب کی 4، سندھ ، کے پی کے کی 2،2 جبکہ بلوچستان، سلام آباد، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ایک، ایک ٹیم شریک ہو گی۔

پی ایچ ایف کی جانب سے ملحقہ صوبائی یونٹس کوتحریری مراسلہ جاری کیا گیا جس میں تمام یونٹس کو شرکت کی ہدایات کے ساتھ کھلاڑیوں کی عمر کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ میں19سال سے کم عمرکھلاڑی شرکت کرسکیں گے، عمرکے حوالے سے یکم جنوری 2000 یا اس کے بعد کی تاریخ پیدائش کے حامل کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے، کھلاڑیوں کو اپنی عمرکی شناخت اور تصدیق کیلیے اصل نادرا فارم ’ب‘ یا اصل قومی شناختی کارڈ بطورثبوت پیش کرنا ہونگے۔

ادھر قومی ایونٹ کا حصہ بننے کیلیے پنجاب کی 4 ٹیمیں لاہور سے راولپنڈی کیلیے روانہ ہوئیں،ان کھلاڑیوں کا انتخاب نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ٹرائلز میں کیا گیا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی قاسم خان نے اولمپئن دانش کلیم، پاکستان کے سابقہ انٹرنیشنل کوچ رانا ظہیراحمد اور اولمپئن شفقت ملک کے ہمراہ 2 روزہ ٹرائلز کے بعد حتمی ٹیموں کا انتخاب کیا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی پنجاب قاسم خان اور سلیکشن کمیٹی کے ممبران اولمپئن دانش کلیم، رانا ظہیر احمد اور اولمپئن شفقت ملک کے مطابق پنجاب میں ہاکی کے زیادہ ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے اس دفعہ پنجاب کی ٹیموں میں اضافہ کیا گیاہے ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔