شوبز و کرکٹ ستارے بھی نیوزی لینڈ میں معصوم نمازیوں کی شہادت پر اشکبار

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2019
کرکٹ وشوبز اسٹارز نےکرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے فوٹوفائل

کرکٹ وشوبز اسٹارز نےکرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے فوٹوفائل

کراچی: نیوزی لینڈ میں دومساجد پر دہشتگردانہ حملے میں 40 سے زائد نمازیوں کی شہادت نے جہاں پوری دنیا کو جھنجھوڑ کررکھ دیا وہیں پاکستانی کرکٹ وشوبز اسٹارز نے بھی حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ کی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعا کی۔

نامور گلوکارواداکار علی ظفر نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسجد میں دوران عبادت معصوم مسلمانوں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے شخص کی ویڈیو دیکھی، یہ میری زندگی کی سب سے زیادہ پریشان کرنے والی ویڈیو ہے، دیکھتے ہیں کہ دنیا اسے ’’پرتشدد کارروائی‘‘ کہتی ہے یا ’’دہشتگردانہ کارروائی‘‘۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسلمانوں پر حملوں کی وجہ تیزی سے پھیلنے والا اسلاموفوبیا ہے

اداکارہ ماورا حسین نے بھی کرائسٹ چرچ  میں مساجد پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا عبادت کرنے کی جگہ پر کوئی کیسے معصوم لوگوں پر حملہ کرسکتاہے ان لوگوں کا تعلق کیسے کسی مذہب سے ہوسکتا ہے۔

https://twitter.com/MawraHocane/status/1106428367807619077

اداکارفیصل قریشی نےاس دہشتگردانہ حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ جو لوگ دہشتگردی کا راستہ اپناتے ہیں ان کا تعلق کسی ملک یا مذہب سے نہیں ہوتا، یہ لوگ صرف ڈر، خوف، درد اورزخم پھیلاتے ہیں۔ ثنا میر نے شہدا اوران کی فیملی کے لیے دعا کی۔

پاکستانی کرکٹر سعید اجمل نے بھی واقعے کی پُر زور مذت کرتے ہوئے کہا خدا اس حملے میں شہید ہونے والے تمام افراد کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی توفیق دے۔

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورمتاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہم سب کو اس عالمی مسئلے پر قابو پانے کے لیے  متحد ہونا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے دوہرے معیار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشتگردوں کو ایک بار پھر ’’ذہنی بیمار‘‘ کانام دے دیا جائے گا؟

https://twitter.com/MHafeez22/status/1106461345569038336

سابق قومی کرکٹر شعیب اختر نے ویڈیو پیغام کے ذریعے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کرائسٹ چرچ کی مساجد میں معصوم نمازیوں پر فائرنگ کی ویڈیو دیکھنا بہت خوفناک تھا۔ کیا ہم عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں؟

سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی کرائسٹ چرچ واقعے کو خوفناک قراردیتے ہوئے کہا میں نے نیوزی لینڈ کو دنیا کی سب سے محفوظ اور پر امن جگہوں میں سے ایک پایا ہے جہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان سے بات ہوئی اور یہ جان کر کہ بنگلہ دیشی ٹیم اس حملے میں محفوظ رہی سکون ملا۔ شاہد آفریدی نے کہا دنیا کو متحد ہونا ہوگا، نفرت انگیزی ختم کرنی ہوگی کیونکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ ہی لالہ نے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے دعاکی اور کہا کہ اللہ شہیدوں کو اعلی مقام عطا فرمائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔