وزیر اعظم عمران خان کی افغانستان کو پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے پر مبارکباد

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کے تھوڑے ہی عرصے بعد افغان کھلاڑیوں نے زبردست کامیابی سمیٹی، عمران خان (فوٹو: فائل)

بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کے تھوڑے ہی عرصے بعد افغان کھلاڑیوں نے زبردست کامیابی سمیٹی، عمران خان (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی جیت پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کو ان کی ٹیم کے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد تھوڑے ہی عرصے میں افغان کھلاڑیوں نے یہ زبردست کامیابی سمیٹی ہے۔

عمران خان نے ٹویٹر پر پہلے انگریزی پھر اردو اور پھر پشتو زبان میں مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارتی شہر دہرہ دون میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ قبل ازیں انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں اپنے اپنے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں جب کہ آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جس نے اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کی۔

اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے میں ویسٹ انڈیز کا نمبر پانچواں ہے جس نے اپنے چھٹے میچ میں لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف پہلی جیت سمیٹی۔

زمبابوے نے اپنے 11 ویں ٹیسٹ میچ میں پہلی کامیابی پاکستان کے خلاف حاصل کی، جنوبی افریقا نے اپنے 12 ویں میچ میں انگلینڈ کو مات دے کر پہلا ٹیسٹ جیتا، سری لنکا کو 14 ویں میچ میں بھارت کے خلاف کامیابی ملی اور بھارت کو 25 میچوں کے انتظار کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلی کامیابی حاصل ہوئی۔

اسی طرح  بنگلہ دیش کو 35 میچز کے بعد پہلی کامیابی زمبابوے کے خلاف ملی جب کہ دور حاضر کی بہترین کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کو اپنی پہلی جیت حاصل کرنے میں 45 ویں میچ تک انتظار کرنا پڑا۔ اسے پہلی جیت ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔