بُلٹ پروف جیکٹ پہن کر ایک دوسرے پر گولیاں برسانے والے دوست گرفتار

ویب ڈیسک  پير 8 اپريل 2019
بلٹ پروف جیکٹ پہن کر شراب کےنشے میں دھت ایک دوسرے پر گولیاں برسانے والے دوست گرفتار۔ فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

بلٹ پروف جیکٹ پہن کر شراب کےنشے میں دھت ایک دوسرے پر گولیاں برسانے والے دوست گرفتار۔ فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

آرکینساس: امریکہ میں شراب نوشی کے بعد بُلٹ پروف جیکٹ پہنا کر ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے والے پڑوسیوں اور دوستوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

یہ واقعہ چند روز قبل آرکینساس میں پیش آیا جب دو افراد نے بلٹ پروف جامعے پہن کر ایک دوسرے پر گولیاں برسائیں۔ اس واقعے کے بعد ایک شخص کے سینے پر گولی کے دباؤ سے سرخ نشان نمودار ہوگیا جس کے بعد وہ ایک بینٹن کاؤنٹی ہسپتال گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے گولی کا نشان قرار دیتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی کیونکہ 50 سالہ چارلس فیرس جھوٹ بول رہا تھا۔

لیکن فیرس نے اپنی جھوٹی کہانی اپنی بیوی کو نہیں بتائی تھی اور جیسے ہی علیحدگی میں پولیس نے اس کی بیوی سے پوچھا تو اس نے پورا سچ بتادیا جو کچھ یوں تھا۔

چارلس فیرس کی بیوی لیزلی فیرس نے کہا کہ اس کا شوہر چارلس اور اس کا پڑوسی دوست کرسٹوفر ایک اور دوست کے گھر بیٹھ کر شراب نوشی میں مشغول تھے۔ اتنے میں چارلس نے بلٹ پروف جیکٹ پہن کر کرسٹوفر کو پوانئٹ ٹو ٹو گن دے کر اس پر فائر کرنے کو کہا۔ کرسٹوفر نے پہلی گولی سینے پر چلادی جس سے چارلس کے سینے پر ایک سرخ نشان آگیا جو بہت تکلیف دہ بھی تھا۔

اس کے بعد چارلس نے اپنی بڑی رائفل اٹھائی اور شراب کے نشے میں 5 فائر کرسٹوفر پر کئے لیکن خوش قسمتی سے اس نے بھی بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی اور وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ تاہم پڑوسیوں نے کہا کہ اس خطرناک کھیل میں دونوں نے ایک دوسرے پر 50 سے 100 گولیاں فائر کیں۔

دونوں پڑوسیوں کی گرفتاری کے بعد ان پر 5 ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ تاہم مزید مقدمہ چل رہا ہے اور انہیں مزید 10 ہزار ڈالر جرمانہ اور چھ برس کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔