سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد مہر رخصت ہوئے

ایڈیٹوریل  بدھ 22 مئ 2019
مہر برادری اپنے ایک ہونہار سیاستدان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کرے گی۔ فوٹو:فائل

مہر برادری اپنے ایک ہونہار سیاستدان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کرے گی۔ فوٹو:فائل

سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور موجودہ وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس ، سردارعلی محمد مہر باون برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا انتقال اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ ان کی وفات سے سندھ ایک اہم سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔

مہر برادری اپنے ایک ہونہار سیاستدان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کرے گی۔ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی سیاسی وسماجی شخصیات نے گہرے دکھ اورغم کا اظہارکرتے  ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مرحوم حالیہ عام انتخابات میں این اے 205 سے آزاد امیدوارکی حیثیت سے کامیاب ہوئے اور بعد ازاں تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی تھی۔ سردارعلی محمد مہر 2002 سے 2004 تک سندھ کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے تھے۔ بطور ایک عوامی نمایندہ ہونے کے انھوں نے سیاسی میدان میں ایک فعال کردارکیا۔عوامی فلاح کے متعدد منصوبے ان کے دورحکومت میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔ ان کا شمار سندھ کے بااثر سیاستدانوں میں ہوتا تھا ۔ وہ اپنے قبیلے کی ہردل عزیزشخصیت تھے۔تحمل ، برداشت اور روا داری ان کی شخصیت کا خاصا تھیں۔

اپنی وزرات اعلٰی کے دور میں ان کی شخصیت کرپشن، بدعنوانی اور اسکینڈلز کی شورشوں سے پاک رہی، وہ دھیمی سیاست کے قائل تھے اور سیاسی مروت ، وضع داری اور روادارانہ طرز سیاست پر گامزن رہے۔ یاد رہے رواں سال اپریل کے مہینے میں ان کے گھر واقع کراچی میں گھسنے والے افراد نے انھیں سر پر وزنی چیزمار کر زخمی بھی کردیا تھا ۔ان کے انتقال پر سوگ میں ضلع گھوٹکی تحصیل خان پورکی تمام مارکیٹیں بند کردی گئی ہیں۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ یہ بات اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وہ اپنے علاقے میں ایک ہردلعزیزشخصیت کے مالک تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔