کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس، ترک کمپنی سے عدالت کے باہر تصفیے کا آپشن ختم

حسنات ملک  جمعـء 21 جون 2019
کرپشن کے ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد حکومت ترک کمپنی سے عدالت کے باہر بات نہیں کرے گی، سینئر حکومتی عہدیدار۔ فوٹو: فائل

کرپشن کے ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد حکومت ترک کمپنی سے عدالت کے باہر بات نہیں کرے گی، سینئر حکومتی عہدیدار۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس میں ترک کمپنی سے عدالت کے باہر تصفیے کا آپشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر حکومتی عہدیدار نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں کہا کہ فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے کیا گیا ہے، کرپشن کے ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد حکومت ترک کمپنی سے عدالت کے باہر بات نہیں کرے گی اور معاملے کی بین الاقوامی ٹریبونل میں بھرپور پیروی کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل انور منصور کی قیادت میں وفد نے عدالت سے باہر کسی سمجھوتے پر پہنچنے کیلئے رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں بیرون ملک کا دورہ کیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔

عہدیدار کے مطابق پاکستان نے اپنا کیس ثابت کرنے کیلئے منصوبے میں کرپشن کے ٹھوس ثبوت حاصل کر لیے ہیں، کیس میں جواب جمع کرانے کی آخری تاریخ 26جولائی ہے، اس سلسلے میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع اور دیگر2افسروں کے اعترافی بیان بھی ٹریبونل میں جمع کرائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔