ہرسال عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، گلزار

عمیر علی انجم  بدھ 11 ستمبر 2013
اردو زبان کی ترقی کیلیے ہمیں اپنے حصے کا دیا جلانا ہو گا، نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو۔  فوٹو: فائل

اردو زبان کی ترقی کیلیے ہمیں اپنے حصے کا دیا جلانا ہو گا، نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

کراچی: ممتاز بھارتی شاعر اور فلم ڈائریکٹر گلزار نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال عالمی اردوکانفرنس کا ہونا خوش آئند عمل ہے.

اس طرح کی کانفرنسزسرکاری سطح پر ہونی چاہیے جس میں نوجوانوں کی نمائندگی بھی ضروری ہے، ہند و پاک مشاعروں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہا تو ہم اپنے مرکزسے نہیں بھٹکیں گے، ہندوستان اور پاکستان کی عوام کو قریب لانے میں مشاعرے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ہر دور میں نوجوان نسل اپنے بڑوں سے سیکھتی ہے، ہمیں چاہیے کہ نوجوانوں کے لیے بہتر پلیٹ فارم تشکیل دیں تاکہ مستقبل میں وہ اس سے فائدہ حاصل کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں اب اردو کا دائرہ خاصا وسیع ہو چکا ہے، لوگ عام گفتگو میں اردوزبان کا استعمال کرتے ہیں، ہمارے ہاں موسیقی اور فلمی ڈائیلاگ میں اردوکے درست استعمال کے لیے باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے، ایک سوال کے جواب میں بھارتی شاعر گلزارکا کہنا تھا کہ اردو زبان کی ترقی کیلیے دنیا کے جس کونے میں بھی کام ہو رہا ہے ہمیں چاہیے کہ اس میں اپنے حصے کا دیا ضرور جلائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔