حزب اللہ کا اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  پير 9 ستمبر 2019
حزب اللہ کے ایک جنگجو نے اسرائیلی ڈرون کو تھاما ہوا ہے۔ فوٹو : فائل

حزب اللہ کے ایک جنگجو نے اسرائیلی ڈرون کو تھاما ہوا ہے۔ فوٹو : فائل

بیروت: لبنان کے عسکریت پسند گروہ حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی حصے میں ایک اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ڈرون اب بھی ہمارے قبضے میں ہے تاہم لبنان کے دعوے کے حوالے سے اسرائیل کا کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

گزشتہ ہفتے اسرائیل نے حزب اللہ پر اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا الزام عائد کر کے لبنان پر راکٹ حملہ بھی کیا تھا جس میں حزب اللہ کے ایک دفتر کو شدید نقصان پہنچا تھا جس پر حزاب اللہ نے بھی اسرائیلی چیک پوسٹوں اور تنصیبات کی جانب راکٹ داغے تھے۔

اسرائیل نے انتہائی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر توپ خانے سے 100 گولے داغے، حزب اللہ بھی ان حملوں کے لیے تیار تھی اور اسرائیلی گولوں کا جواب راکٹ حملوں سے دیا اور اسی دوران ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی مارگرایا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حزب اللہ کے راکٹ حملوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے جب کہ ایک اسرائیلی ڈرون معمول کی تجرباتی پرواز کے دوران لبنان کے جنوبی صوبے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔