داعش سربراہ ابو بکرالبغدادی کو امریکا نے ہی بنایا تھا، روس

ویب ڈیسک  اتوار 3 نومبر 2019
بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کیلیے شواہد جمع کررہے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کیلیے شواہد جمع کررہے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

ماسکو: روسی وزیر خارجہ سر گئی لاوروف نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے سابق سرغنہ ابو بکر البغدادی دراصل امریکا کی ہی ایک ایجاد تھا۔

روسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی امریکی فوج کے آپریشن میں ہلاکت پر انکشاف کیا کہ البغدادی امریکا کی ہی پیداوار تھا۔ امریکا نے اسے تیار کیا اور ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا۔

اپنے انکشاف کے حقائق پر مبنی ہونے کی دلیل میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ 2003 میں امریکا امن کا بہانہ بنا کر عراق پر قابض ہوا اور زوال پذیر ملک میں جیلوں میں قید خطرناک ترین جنگجوؤں کو رہا کیا جس کے بعد عراق میں داعش نے اپنی جڑیں مضبوط کیں اور ابوبکر البغدادی طاقت ور ہوتا گیا۔

یہ خبر پڑھیں: امریکی صدر نے داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

سرگئی لاوروف نے ابوبکر کی ہلاکت کی تصدیق سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت دفاع نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے، ہم اس معاملے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے روسی فوج اضافی شواہد پر تلاش کر رہی ہے اور اب تک البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: داعش کے سربراہ البغدادی کی لاش سمندر برد کردی گئی، سربراہ امریکی فوج

واضح رہے کہ امریکا نے شام کے سرحدی علاقے میں ایک فوجی آپریشن کے دوران داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کی اپنے 3 بچوں اور 2 بیگمات سمیت ہلاک ہوگئے تھے اور جس کی تصدیق خود امریکی صدر نے اپنے براہ راست نشر ہونے والے بیان میں کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔