لفظوں کو موت نہیں آتی

آفتاب احمد خانزادہ  اتوار 10 نومبر 2019
aftabkhanzada2@yahoo.com

[email protected]

ہم سب تکلیفوں کے دریا میں بیچوں بیچ اپنے آپ کو ڈوبنے سے بچانے کی تگ ودو میں مصروف ہیں۔ ہم میں سے ہر شخص اپنی بساط کے مطابق بحفاظت اسے پارکرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ ظلم تو یہ ہے کہ جب ہم دریا کے کنارے پر پہنچ جاتے ہیں تو دریا کے کناروں پرکھڑے موٹی توندوں والے، عالیشان سوٹوں میں ملبوس اورمسحورکن خوشبو میں ڈوبے سرمایہ دار، جاگیر دار ، وڈیرے ، بڑے بڑے بزنس مین ، بلڈرز، بیوروکریٹس ، ملا، بااختیار اور طاقتور سیاست دان واپس ہمیں دریا میں دھکیل دیتے ہیں۔

ہم پھرکوشش کرتے ہیں اور پھر واپس دھکیل دیے جاتے ہیں۔ دریا کے چاروں کناروں پر جو لوگ کھڑے ہیں وہ اگر چاہتے تو نجانے کب کے ہم دریا پارکر چکے ہوتے ہیں لیکن کریں توکریں کیا؟ اصل بات چاہنا ہی تو ہوتا ہے اور جو لوگ خود ہمیں دریا میں دھکیلنے کے ذمے دار ہیں وہ ہمیں بچا بھی کیسے سکتے ہیں، اگر بچانا ہی مقصود ہوتا تو پھر پھینکتے ہی کیوں؟

روم میں ایک قصہ مشہور ہے کہ جب فلسفی شہنشاہ مارکیوز اور لیوس کا انتقال ہوا تو اولمپائی دیوتائوں نے اس کے اعزاز میں پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا۔ اس دعوت میں اس کے دائیں طرف شہنشاہ اگسٹس، طبرس اور ویسپا سین بیٹھے تھے جب کہ اس کے بائیں جانب دوسرے عظیم رومی شہنشاہ براجمان تھے۔ ان میں نروا، ٹراجن ، ہڈرین اور اس کا سوتیلا باپ انٹونی نس پیوس شامل تھے نیرو اورکیلی گلا کو البتہ دروازے پر ہی روک لیا گیا تھا، اس ضیافت میں دیوتا جیوپیٹر نے ایک مقابلے کا اعلان کیا ، جس کے ذریعے یہ طے کرنا مقصود تھا کہ ان میں سے عظیم ترین رومی شہنشاہ کون ہے؟

یہ سب شہنشاہ اس مقابلے میں امیدوار تھے وہ باری باری اٹھے اور انھوںنے اپنے بارے میں مختصر تقریریں کیں ، اکثر نے اپنی اپنی فتوحات کی شیخیاں بگھاریں پھر مارکیو زاور لیوس کی باری آئی وہ کھڑا ہوا۔ اس نے بس یہ کہا کہ ’’ میں ایک معمولی سا فلسفی ہوں میرے دل میں کوئی تمنا ہے تو بس یہ کہ مجھ سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے‘‘ اسی لیے توکہتے ہیں کہ اصل چیزچاہنا ہوتی ہے ایک طرف فلسفی شہنشاہ مارکیو ز اور لیوس کی تمنا ہے کہ مجھ سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے اور دوسری طرف ہماری بد قسمتی اور بد نصیبی کہ ہمیں ایسے لوگ نصیب ہوئے ہیں جن کی تمنا یہ ہے کہ کوئی ان کی تکلیف سے محفو ظ نہ رہے۔ تکلیفوں کو جنم بھی خود دیتے پھرتے ہیں اور ان کے جوان ہونے پر دہائیاں بھی خود دیتے پھرتے ہیں، یعنی قاتل بھی خود ہیں اور مقتول کے ورثاء بھی خود ہیں لیکن یہ بات بھی صحیح ہے کہ یہ اس کے علاوہ اورکر بھی کیا سکتے ہیں۔ ان ہی کے لیے عظیم لونجائنس نے کہا ہے ۔

’’ مزید غورکرنے پر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ اگر ہم بے پناہ دولت حاصل کرنے کی قدرکرتے ہیں یا بات کو سچائی کے ساتھ بیان کرتے ہوئے یوں کہیں کہ اسے دیو تا سمجھتے ہیں تو پھرکیسے ہم ان بدیوں کو جو دولت سے وابستہ ہیں اپنی روحوں میں سرائیت کرجانے سے روک سکتے ہیں کیونکہ بے شمار و بے حساب دولت کے ساتھ ساتھ قدم بہ قدم اصراف بے جا اور فضول خرچی آتی ہے اور جیسے ہی وہ شہروں اورگھروں کے دروازے کھول دیتی ہے ویسے ہی دوسری برائیاں داخل ہوجاتی ہے اور وہاں اپنے گھر تعمیر کرلیتی ہیں۔

وقت گذرنے پر وہ ہماری زندگیوں میں گھونسلے بنا لیتی ہیں اور جلدی بچے دینے لگتی ہیں ظاہر داری ، بے جا غرور، آرام طلبی وعیش پسندی اس کے بچے ہیں جو حرامی بچے نہیں بلکہ اس کے جائز بچے ہیں اور دولت کے یہ بچے جب سن بلوغت کو پہنچتے ہیں تو یہ ہمارے دلوں میں سنگدل آقائوں کی گستاخی ، بدتمیزی ، لاقانیت اور بے حیائی و بے شرمی کو جنم دیتے ہیں پھر اس کا لازمی نتیجہ یہ ہوگا کہ لوگ نہ نظر اٹھا کر دوسروں کو دیکھیں گے اور نہ نیک نامی کا خیال کریں گے اور ان کی زندگی رفتہ رفتہ برباد ہوجائے گی۔‘‘

ایسے لوگ جو دولت کو ہی سب کچھ سمجھ بیٹھتے ہیں وہ دوسروں کو تکلیف میں مبتلا کرکے وہ تسکین حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں ، جس کے لیے وہ ساری زندگی مارے مارے پھر رہے ہوتے ہیں۔ اصل میں یہ خود اذیتی کی ہی ایک شکل ہے کیونکہ وہ اس احساس سے بھی مبرا ہیں کہ دوسروں کو تکلیف پہنچا کرکبھی بھی سکون حاصل نہیں ہوسکتا ہے اور جب انھیں تسکین یا سکون نہیں مل پاتا تو وہ طیش میں آکر اور زیادہ تکلیفیں پہنچانا شروع کردیتے ہیں۔ اس طرح ان میں اور زیادہ بے سکونی اوربے چینی جنم لے لیتی ہے پھر وہ اورزیادہ طیش میں آجاتے ہیں اور یہ سلسلہ آخری سانس تک اسی طرح جاری رہتا ہے تاریخ میں نہ توکبھی کردار مرتے ہیں اور نہ ہی کرداروں کے کردارکو موت آتی ہے۔

کیا یہ سچ نہیں ہے کہ آج بھی فالج زدہ گورنر جنرل غلا م محمد اپنے بستر پر پڑا کراہا رہا ہے ۔کیا آج بھی اسکندر مرز اکی سازشیں زندہ نہیں ہیں؟ کیا صدر ایوب خان کی اقتدار سے محبت مرگئی ہے ؟ کیا یحییٰ خان کے اقدامات کو موت آگئی ہے؟ کیا ذوالفقار علی بھٹو سولی پر چڑھ گئے ہیں ؟ کیا ضیاالحق کا قصہ تمام ہوگیا ہے؟ کیا محترمہ بے نظیر بھٹو قتل ہوگئی ہیں؟ نہیں بالکل نہیں ہمارے سب کردار اور ان کے کردار آج بھی زندہ ہیں وہ سب آپ میں اور مجھ میں سانسیں لے رہے ہیں۔

آپ اور میں انھیں کبھی مرنے نہیں دیتے ہیں اسی طرح ہمارے آج کے کردار بھی ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ان کے کرداروں کو بھی کبھی موت نہیں آئے گی، ہماری تکلیفیں تو ایک روزختم ہوہی جائیں گی لیکن ہمارے دل سے نکلے الفاظ تمہارا پیچھا کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ یاد رکھنا ، لفظوں کو بھی کبھی موت نہیں آتی ہے۔ سب لفظ کہیں نہ کہیں جمع کیے جارہے ہیں اسی لیے تو کہہ رہا ہوں کہ لفظوں کو کبھی موت نہیں آتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔