درآمدہ اسٹیل کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کا سراغ مل گیا

احتشام مفتی  ہفتہ 16 نومبر 2019
کاسموس ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ کے مالک کے خلاف مزید 2 ایف آئی آردرج کرلی گئیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

کاسموس ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ کے مالک کے خلاف مزید 2 ایف آئی آردرج کرلی گئیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے برآمدی صنعت کی آڑ میں درآمدہ اسٹیل کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کاسراغ لگا لیا۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسٹیل کے کنسائمنٹس کی اسمگلنگ اورلاکھوں ڈالر کی مبینہ طورپر منی لانڈنگ میں ملوث درآمدکنندہ رائل امپیکس اور کلیئرنگ ایجنٹ کاسموس ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ کے مالک محمد عبداللہ کے خلاف ڈائریکٹوریٹ نے مزید دوایف آئی آردرج کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیل کے درآمدکنندگان اورکلیئرنگ ایجنٹ کاسموس ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ کے مالک عبداللہ کے خلاف کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ہونے پر5ایف آئی آر کسٹمزانٹیلی جنس اورایک ایف آئی آر پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلکٹریٹ کی جانب درج کی جاچکی ہے جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ملزمان کی جانب سے اسٹیل کے اسمگلنگ اورمنی لانڈرنگ کی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں، کسٹمزانٹیلی جنس کی جانب سے مزید کارروائیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں مزید ایف آئی آرزدرج کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی عرفان جاویدکو اطلاع موصول ہوئی کہ جعلی دستاویزات پرایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے لیے درآمدکیے جانے والے اسٹیل کے کنسائمنٹس پر ڈیوٹی وٹیکسوں کی سہولیات کاناجائزفائدہ اٹھا کر کلیئر کرائے جارہے ہیں اورکلیئرکیے جانے والے کنسائمنٹس ای پی زیڈ منتقل کرنے کے بجائے مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کیے جاتے ہیں۔

اس انکشاف پر ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس عرفان جاویدکی جانب سے اسٹیل کے کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کی ہدایات جاری کی گئیں اورایڈیشنل ڈائریکٹرکی سربراہی میں سپرنٹنڈنٹ دوست محمد ودیگر افسران پر مشتمل ٹیم نے متعلقہ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا آغازکیاتو اس امرکاانکشاف ہواکہ درآمدکنندہ رائل امپیکس نے کلیئرنگ ایجنٹ میسرزکاسموس ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ کے مالک محمدعبداللہ کے ساتھ مل کرجعلی دستاویزات تیارکیے گئے اوران جعلی دستاویزات پر اسٹیل شیٹ کے3کنسائمنٹس جنوبی کوریاسے درآمدکیے گئے۔

مذکورہ ملزمان کی جانب سے اسٹیل کے کنسائمنس کی لیٹر آف کریڈٹ،انوائس اورپیکنگ لسٹ میں ردوبدل کرکے کنسائمنٹس کی گڈذڈیکلریشن رائل امپیکس کے نام پرداخل کی گئی اورداخل کی جانے والی گڈز ڈیکلریشن میں سیکنڈری کوالٹی اسٹیل شیٹ کے بجائے پرائمری کوالٹی اسٹیٹ شیٹ ظاہرکی گئی تاکہ ڈیوٹی وٹیکسوں کی کم ادائیگی کی جاسکے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔