میانمار فوج کی سفاکیت، 2 روہنگیا مسلم خواتین جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
ایک خاتون موقع پر ہی جب کہ دوسری نے دوران علاج دم توڑ دیا، فوٹو : فائل

ایک خاتون موقع پر ہی جب کہ دوسری نے دوران علاج دم توڑ دیا، فوٹو : فائل

رخائن: ميانمار ميں فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کے دوران دو روہنگیا مسلمان خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ميانمار کی شمالی ریاست رخائن کے ایک علاقے پر میانمار فوج نے گولہ باری کی اور بھاری اسلحے سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک روہنگیا مسلم خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جب کہ دوسری نے اسپتال پہنچ کر دوران علاج دم توڑ دیا۔

میانمار فوج نے اپنی روایت دہراتے ہوئے خواتین کی ہلاکتوں کو رخائن کی شدت پسند جماعت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ کی زد میں دو خواتین بھی آگئیں۔ میانمار فوج کے اسلحے سے خواتین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ادھر شدت پسند تنظیم ’اراکان آرمی‘ نے میانمار فوج کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقے میں میانمار فوج کیساتھ جھڑپ نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی میانمار فوج اس علاقے میں ہمارے کسی ٹھکانے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے میانمار کی سربراہ آنگ سان سوچی کی پیشی پر روہنگیا مسلمانوں کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنانے کے احکامات کے باوجود میانمار فوج نے اپنی جارحانہ کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور تاحال روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی رک نہیں سکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔