کراچی اسٹاک مارکیٹ نئی تاریخ رقم انڈیکس 24000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرگیا

فوجی سربراہ اورچیف جسٹس کی نامزدگیوں کامثبت اثر، انڈیکس 412 پوائنٹس اضافے سے 24180 پر بند۔

بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں، مارکیٹ سرمایہ 112 ارب روپے بڑھ گیا۔ فوٹو : پی پی آئی

حکومت کی جانب سے نئے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی نامزدگیوں کو کاروباری حلقوں بالخصوص اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں نے مثبت تاثرلیا جس کے حوصلہ اثرات کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کے کاروباری سیشن پر مرتب ہوئے اور تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی اور انڈیکس 24000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرکے نئی تاریخ رقم کرگیا۔

تیزی کے سبب 71.39 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1 کھرب 12 ارب 62 کروڑ 38 لاکھ 21 ہزار 336 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے طالبان سے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے اعلان نے بھی سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند کیے جنہوں نے پراعتماد انداز میں سیمنٹ، بینکنگ، ٹیلی کام اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 412.14 پوائنٹس کے اضافے سے24180.49 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 315.46 پوائنٹس کے اضافے سے18163.37 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 539.86 پوائنٹس کے اضافے سے 40455.09 ہوگیا۔




کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 56.22 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 15 کروڑ 38 لاکھ 95 ہزار750 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار374 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں267 کے بھاؤ میں اضافہ، 84 کے داموں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ علاوہ ازیں لاہور اوراسلام آباد اسٹاک مارکیٹس میں بھی جمعرات کو تیزی کا رجحان رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story