آئی پی گیس پراجیکٹ پر پیشرفت کے امکانات انڈیکس23978 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی خریداری کوترجیح،ایک موقع پر24000کی تاریخی حدبھی پار


Business Reporter November 26, 2013
356کمپنیوں میں206 کی قیمتیں بڑھ گئیں،125کے دام نیچے،مارکیٹ سرمایہ 25 ارب42 کروڑروپے بلند، فوٹو : پی پی آئی

ایران اور عالمی طاقتوں میں جوہری تنازع پر معاہدے سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ قابل عمل ہونے کے امکانات نے کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے اور تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس 23978 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تیزی کے باعث 58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں25 ارب41 کروڑ82 لاکھ73 ہزار769 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاری رحجان بڑھنے کی وجہ سے ایک موقع پر 243 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 24000 کی بلند ترین سطح بھی عبورکرگیا تھا لیکن بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی شرح میں کمی ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر98 لاکھ46 ہزار 142 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔



کیونکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے51 لاکھ63 ہزار427 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے22 لاکھ95 ہزار509 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے6 لاکھ89 ہزار627 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے16 لاکھ97 ہزار579 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 130.72 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار23978.29 پر آگیا ۔

جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس99.46 پوائنٹس بڑھ کر 18082.11 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس253.94 پوائنٹس کے اضافے سے40410.39 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 14.24 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ10 لاکھ96 ہزار510 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار356 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں206 کے بھاؤ میں اضافہ، 125 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ۔

ان میں یونی لیور فوڈز کے بھاؤ 397.15 روپے بڑھ کر 8340.15 روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ314.95 روپے بڑھ کر6719.95 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ178.32 روپے کم ہوکر7931.43 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ12 روپے کم ہو کر 1549 روپے ہوگئے۔