کورونا وائرس میں شوبزسرگرمیاں

ق۔ الف  اتوار 12 اپريل 2020

ذرا سی احتیاط کورونا وائرس سے بچا سکتی ہے، سلمان احمد

ذرا سی احتیاط کورونا وائرس سے بچا سکتی ہے، سلمان احمد

دنیا بھرمیں شوبز سے جڑی سرگرمیاں ہمیشہ ہی لوگوں کی توجہ کا مرکزبنتی ہیں لیکن کورونا وائرس نے شوبزکی رنگینیوںکو ایسا مدھم کیا ہے کہ اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہالی ووڈ، بالی ووڈ اورلالی ووڈ میں فلموںکی شوٹنگز جہاں منسوخ ہوچکی ہیں، وہیں دیگرسرگرمیاں بھی ختم کردی گئی ہیں ۔ اس کی بڑی وجہ کورونا سے احتیاط کیلئے اپنائی جانے والی تدابیرہیں، جن پرعملدرآمد کے سوا کوئی دوسرا چارا نہیں رہا۔ دنیا بھرکے ماہرین کا یہی کہنا ہے کہ اس کا کوئی علاج نہیں ہے، صرف احتیاط کریں اوراپنے گھروں میں رہیں، صفائی کاخیا ل رکھنے کے ساتھ ساتھ چہرے کوماسک سے ڈھانپیں اور ہاتھوںکواچھی طرح دھوتے رہیں۔

ان حالات میں جہاں لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع ہوا تودیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا اس کی لپیٹ میں آنے لگی۔ پاکستان میں بھی ہنگامی بنیادوں پراقدامات ہونے لگے اوران اقدامات میں ایک اہم اقدام فلائٹ آپریشن پرپابندی تھی۔ کیونکہ پاکستان میں کورونا وائرس صرف اورصرف دیارغیرسے آنے والوں کیساتھ پہنچا اوراب بہت تیزی کیساتھ ملک کے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

اگردیکھا جائے توکسی کواندازہ ہی نہ تھا کہ چائنہ اورایران سے شروع ہونے والا کورونا وائرس اس تیزی کے ساتھ پوری دنیا میں پھیل جائے گا۔ حکومت پاکستان نے اس وباء سے بچاؤ کیلئے جہاں بہت سے اقدامات کئے، لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی فنکاروں کا ایک گروپ بنکاک میں پھنس گیا۔ فنکاروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں وطن واپس لانے کے انتظامات کئے جائیں۔ اداکار محب مرزا اپنی فلم”عشرت”(میڈ ان چائنہ) کی شوٹنگ کے لئے تھائی لینڈ گئے تھے جن کے ہمراہ21 تکنیک کار اور 5فنکار بھی ہیں جن میں سارہ لورین، امام سید صنم سعید اورشمعون عباسی سمیت دیگر شامل ہیں۔ شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کی تیاری تھی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن ملتوی ہوگیا۔ پاکستانی فنکار اور دیگر افراد بنکاک سے ساڑھے تین گھنٹے کی مسافت پر ایک ہوٹل میں ہیں۔ اداکار اور فلم کے ڈائریکٹر محب مرزا نے اپنے وڈیو پیغام کے ذریعے سول ایوی ایشن،فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن ،ایکٹرز ایسوسی ایشن اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام فنکاروں اوردیگر عملے کو فوری طور پر وطن واپس لانے کے انتظامات کئے جائیں۔

اداکار شمعون عباسی نے بھی اس سلسلہ میں اپنا ویڈیوپیغام جاری کیا جس پرتھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانیوں بارے وفاقی وزراء نے نوٹس لے لیا ہے ۔ شمعون عباسی نے اپنے ویڈیوپیغام میں بتایا کہ اس وقت ہماری ٹیم کے 21 لوگ اور دیگر 123 پاکستانی تھائی لینڈ میں پھسنے ہوئے ہیں۔ جس پرایکشن لیتے ہوئے پی آئی اے نے ہنگامی پروازوں کیلئے ترتیب دی جانے والی فہرست میں تھائی لینڈ کا نام بھی شامل کرلیا ہے اور حکومت نے تسلی دی ہے کہ یہ معاملہ بہت جلد حل ہوجائے گا۔ تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی فنکاروں کی وطن واپسی کے لئے وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک متحرک ہوگئے ہیں۔

ڈاکٹر اختر ملک نے سوشل میڈیا پر فنکاروں کی اپیل کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے معاملے پر رابطہ کیا جس پر انہیں فنکاروں کی وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایمبیسی فنکاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔یہ فنکار ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ دوسری جانب معروف گلوکار سلمان احمد بھی امریکہ میں کورونا وائرس کا شکارہوگئے ہیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد انہوں نے اپنے گھرمیں ہی احتیاطی تدابیرکے ساتھ خود کوکمرے میں بند کرلیاہے۔ لیکن انہوں نے ویڈیوپیغامات کے ذریعے جہاں پاکستان اوردنیا بھرمیں بسنے والے کواحتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے، وہیں اس وباء سے بچاؤ اورپوری پاکستانی قوم کویکجا رہنے کے لئے ایک خصوصی نغمہ بھی تیارکرلیا ہے۔ جس میں ان کے علاوہ معروف پاپ بینڈ جنون، نوری، ساحرعلی بگا اورمہوش حیات سمیت 20سے زائد گلوکارحصہ لیں گے، جبکہ مرحوم جنید جمشید کے صاحبزادے بھی اس کا حصہ ہونگے۔

سلمان احمد نے ایکسپریس سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ذرا سی احتیاط کورونا وائرس سے بچا سکتی ہے ۔ اگرہم دنیاکے ترقی یافتہ ممالک کی جانب نظرڈالیں تواس وقت امریکا اوریورپی ممالک اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔ یہاں اب تک ہزاروں لوگ مر چکے ہیں اورمتاثرہ ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے، جوکہ انتہائی خطرناک ہے۔ جب اتنے ترقی یافتہ ممالک اس وائرس کی زدمیں آچکے ہیں توہمارے پاس وسائل کی بہت کمی ہے۔ اسی لئے حکومت نے جو اقدامات کیئے ہیں، وہ صرف اورصرف عوام کے تحفظ کیلئے ہی کئے گئے ہیں۔ ایسے میں ہم سب کو ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ان حالات کامقابلہ کرنا ہے۔ بلاشبہ ہمارے لوگ بہت بڑی تعداد میں مالی مشکلات سے دوچارہیں لیکن انہیں امید رکھنی چاہئے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنی ٹیم کے ساتھ ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے عوام کوفائدہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔