نائجیریا میں گلوکار کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت

ویب ڈیسک  منگل 11 اگست 2020
22 سالہ گلوکار یحییٰ کے گانے میں توہین رسالت کی گئی تھی، فوٹو : فائل

22 سالہ گلوکار یحییٰ کے گانے میں توہین رسالت کی گئی تھی، فوٹو : فائل

ابوجہ: نائجیریا میں ایک اسلامی عدالت نے توہین مذہب کے جرم میں 22 سالہ گلوکار کو سزائے موت سنا دی ہے۔

شمالی نائجیریا کی ریاست کانو میں 22 سالہ یحیحیٰ شریف امین کا واٹس ایپ پر ایک گانا وائرل ہوا تھا، گانے کے بول میں توہین رسالت کی گئی تھی جس پر ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔

پولیس نے نوجوان گلوکار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں اس پر انسداد توہین رسالت کے قانون کے تحت مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزم نے الزامات کی تردید نہیں کی۔ جج محمد کانی نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ گلوکار یححیٰ شریف کو فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت حاصل ہوگی۔ شمالی نائجیریا کی ریاست کانو میں شرعی قانون نافذ ہے اور 1999 سے اب تک متعدد افراد کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے لیکن اب تک پھانسی کی صرف ایک ہی سزا پر عمل درآمد ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔