انگلینڈ ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ بھی ہار گیا، آسٹریلیا 8 وکٹوں سے کامیاب

ویب ڈیسک  اتوار 29 دسمبر 2013
آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے 13 چوکوں کی مدد سے 116 جب کہ شین واٹسن نے صرف 90 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے، فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے 13 چوکوں کی مدد سے 116 جب کہ شین واٹسن نے صرف 90 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے، فوٹو: اے ایف پی

میلبرن: انگلینڈ کو روایتی ایشیز سیریز کے چوتھے میچ میں بھی 8 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے جس کے بعد سیریز میں آسٹریلیا کی برتری 4-0 ہوگئی ہے۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 231 رنز کے ہدف  میں 30 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ کرس راجرز اور ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کو 64 رنز کا اوپنگ اسٹینڈ فراہم کیا، وارنر 25 رنز بناکرمونٹی پنیسر کے شکار بنے، کرس راجرز نے شین واٹسن کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 136 رنز جوڑے اسی دوران انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل  کی، وہ اسٹاکس کے ہاتھوں میدان بدر ہوئے، اس موقع پر مائیکل کلارک میدان میں اترے اور دونوں کھلاڑیوں نے مزید کوئی وکٹ گنوائے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے 13 چوکوں کی مدد سے 116 اور شین واٹسن نے صرف 90 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کے مونٹی پنیسر اور بین اسٹاکس کو ایک ایک وکٹ ملی۔

واضح  رہے کہ اسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کے 4 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور تمام کے تمام میچز میں فتح آسٹریلیا کو ملی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔