اردوبولنے والے بھی سندھ کے بیٹے ہیں اوردھرتی کی تقسیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے خالد مقبول صدیقی

کچھ لوگوں نے سندھ کے عوام میں تفریق پیدا کرنے کی سازش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے، ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم

ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کے لئے مہم کا آغاز کررہی ہے اور اگر تحفظ فراہم کیا گیا تو انتخابی کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے، خالد مقبول صدیقی فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ اردو بولنے والے بھی سندھ کے بیٹے ہیں اور اس دھرتی کو تقسیم کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں سے خطاب کے کے دوران رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اردو بولنے والے بھی سندھ کے بیٹے ہیں اور وہ یہ بات بار بار بتا رہے ہیں کہ ایم کیو ایم سندھ میں کوئی تفریق نہیں پیدا ہونے دے گی،کچھ لوگوں نے سندھ کے عوام میں تفریق پیدا کرنے کی سازش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سرکاری طور پر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 18 جنوری ہی ہے ، اس لئے ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کے لئے مہم کا آج ہی سے آغاز کررہی ہے اگر ایم کیو ایم کو تحفظ فراہم کیا گیا تو انتخابی کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وقت کی مناسبت سے صحیح فیصلے نہ کئے تو 2014 پاکستان کے لئے سخت ثابت ہوسکتا ہے، آج ہم عہد کریں تو 2014 کو پاکستان کو بچانے کا سال بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی قاون میں تیسری ترمیم اور حلقہ بندیاں غیر قانونی قرار دینا ایم کیو ایم سمیت صوبے کی تمام اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی ہے۔ اپنی غلطیوں کی اصلاح نہ کرنے والے الیکشن کا التوا کی بات کرتے ہیں وہ ایڑی چوٹی کا زور لگالیں 2014 انقلاب کا سال اور جاگیرداروں اور وڈیروں کے لئے کٹھن ہوگا۔
Load Next Story