پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی شرعی عدالت میں خاتون جج تعینات

سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کے فرائض سرانجام دینے والی 56 سالہ اشرف جہاں نے بطور شرعی عدالت کےجج کا حلف اٹھایایا


AFP December 30, 2013
وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس آغا رفیق احمد نے اشرف جہاں سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی شرعی عدالت میں خاتون جج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کے فرائض سرانجام دینے والی 56 سالہ اشرف جہاں نے کراچی میں بطور شریعت کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس آغا رفیق احمد نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک خاتون جج کا شرعی عدالت میں تعینات ہونا اور حلف اٹھانا تاریخی موقع ہے، آئین میں کسی بھی خاتون کے شرعی عدالت میں بطور جج کام کرنے کی ممانعت نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی جنسی تفریق ہے، میں نے ایک خاتون کو بطور جج تعینات کرنے کا قدم اس لئے اٹھایا تاکہ دنیا کو ایک اچھا پیغام جاسکے۔

واضح رہے کہ 1980 میں سابق فوجی صدر مرحوم ضیاالحق کے دور حکومت میں وفاقی شرعی عدالت کا قیام عمل میں لایا گیا تھا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ مذکورہ عدالت میں کسی خاتون جج کو تعینات کیا گیا ہو۔

مقبول خبریں