مہمند: گاڑی کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق، ایک زخمی

تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے


اسٹاف رپورٹر January 30, 2026

پشاور:

لوئر مہمند کی تحصیل امبار سے یکہ غنڈ جانے والی فیلڈر موٹر کار کڑپہ ڈھنڈ کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری جس کے سبب چھ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعہ کے روز گاڑی مہمند پشاور شاہراہ پر کڑپہ ڈھنڈ کے مقام پر خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں گری۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویش ناک حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا جن میں سے تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

جاں بحق افراد کو ضروری کارروائی کے لیے ہیڈ کوارٹر اسپتال غلنئی منتقل کیا گیا۔ المناک حادثے میں جاں بحق افراد میں وزیر خان ولد کریم اللّٰہ، زردول ولد یار خان، ظاہر گل ولد مومین خان، میر عالم، غلام سعید ولد بخت محمد اور نور البشر ولد جان خان سکنہ کمانگرہ شامل ہیں۔

ایک زخمی گل بادشاہ ولد مہران گل سکنہ کمانگرہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

مقبول خبریں