چین: بلاگر نے سِم کارڈز سے بھاری مالیت کا سونا اکٹھا کر لیا

بلاگر نے سونا نکالنے کی ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہوگئی


ویب ڈیسک January 30, 2026

چین سے تعلق رکھنے والے ایک بلاگر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سِم کارڈ چپس اور دیگر برقی آلات سے 191.73 گرام سونا حاصل کر لیا۔

صوبہ گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والے بلاگر نے بتایا کہ اس نے اسٹرانگ ایسڈ ڈِسولوشن اور الیکٹرولائٹک ری ڈکشن جیسے متعدد پیچیدہ طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے یہ سونا جمع کیا۔

بلاگر نے اس طریقے کی ویڈیو بھی شیئر کی جس کا نام ’سِم الکیمی‘ پروسیس رکھا۔ جس کو دیکھ کر ناظرین بھی سونا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ دس سال تک کام کرنا اتنا اچھا نہیں جتنا کباڑ اکٹھا کرنا ہے۔ صارف نے بلاگر سے یہ طریقہ سیکھنے کے لیے خود کو شاگردی میں لینے کی بھی درخواست کی۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ سِم چپس کو سونا بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ انہوں نے کبھی نہیں سنا تھا۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا تھا کہ سِم کارڈز میں صرف 0.47 ملی گرام سونا استعمال کیا جاتا ہے اور اس حساب سے 191 گرام سونا نکالنے کے لیے تقریباً چار لاکھ سِم کارڈز کی ضرورت ہوگی۔

اس حوالے سے صفائی دیتے ہوئے بلاگر کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف سِم کارڈز نہیں بلکہ دیگر مواصلاتی برقی آلات میں موجود سونا چڑھی چپس بھی استعمال کیں۔

مقبول خبریں