محمود خان اچکزئی کا ملک بھر میں مشعل بردار جلوس نکالنے کا اعلان

میں دعوے سے کہتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا پراپپیگنڈا کیا جا رہا ہے، قائد حزب اختلاف


اسامہ اقبال January 29, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو آئین توڑنے کا ذمہ دار قرار دیا اور اعلان کیا کہ کل یا پرسوں ملک کے طول و عرض جلوس ہوں گے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان و قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی نے بیان میں کہا کہ 8 فروری کو ہم نے یوم سیاہ کا اعلان کیا ہوا ہے، جو لوگ ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ادارے اور ہماری افواج دنیا کی افواج کی طرح آئین کے دائرے میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، یہ ہمارے پلان کو ڈائیورٹ کرنے کے لیے کر رہے ہیں، عمران خان عام شخصیت نہیں ہیں اس وقت وہ سرکار کی پراپرٹی ہیں، انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار پاکستان کی تمام سرکار ملٹری اور سول ہو گی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا پراپپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اصل میں ہمیں ہمارے مقصد سے ہٹایا جا رہا ہے، دکان دار ایک دن کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کریں اور 8 فروری کو دکانیں اور کاروبار بند کریں، ٹرانسپورٹ تنظیمیں بھی ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی بہترین اسٹریٹ موومنٹ چلا رہے ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان کی توجہ اس طرف کم ہے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ کل یا پرسوں ملک کے طول و عرض میں مشعل بردار جلوس ہوں گے، ہم نے نہ کسی کو مارنا ہے اور نہ گالی دینی ہے، ہم آزاد الیکشن کمیشن اور عام انتخابات چاہتے ہیں، جو پارٹی جیتے اقتدار سنبھالے اور دوسری پارٹیاں ایک دوسرے کو معاف کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئیں پاکستان کی تشکیل نو کریں، 8 فروری کے بعد اس ابتدا کو انتہا تک لے جائیں گے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے دشمنی نہیں لیکن ان سے بھی کہتے ہیں کہ آئین کو آپ نے توڑا ہے، عدالتوں کے پر کاٹے، پیکا آرڈینس لا کر اقدامات کیے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مشعل بردار جلوس نکالیں، ہمارا سلوگن ہے، ہم ظلم مٹانے نکلیں ہیں آو ہمارے ساتھ چلو۔

مقبول خبریں