دنیا کا سب سے مہنگا زہر، ایک گیلن قیمت 5 ارب 85 کروڑ روپے!

ویب ڈیسک  اتوار 10 جنوری 2021
’’ڈیتھ اسٹاکر‘‘ بچھو کا زہر دنیا بھر میں سب سے مہنگا ہے اس کے ایک قطرے کی قیمت 130 ڈالر ہے (فوٹو: وکی میڈیا کامنز)

’’ڈیتھ اسٹاکر‘‘ بچھو کا زہر دنیا بھر میں سب سے مہنگا ہے اس کے ایک قطرے کی قیمت 130 ڈالر ہے (فوٹو: وکی میڈیا کامنز)

 لندن: کیا زہر کی بھی کوئی قیمت ہوسکتی ہے؟ جی ہاں دنیا کا مہنگا ترین زہر اب 5 گیلن کی شکل میں 5 ارب 85 کروڑ روپے میں دستیاب ہے۔

یہ زہر ایک خاص قسم کے بچھو کا ہے۔ بچھو کا زہر سائنسی تحقیق، تجربہ گاہوں اور ادویہ سازی میں استعمال ہوتا ہے۔ اس خاص بچھو کے ایک گیلن (پونے 4 لیٹر) کی قیمت 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے یعنی پاکستانی روپوں میں 5 ارب 85 کروڑ روپے تک ہے۔

دنیا میں ایک بچھو پایا جاتا ہے جسے ’’ڈیتھ اسٹاکر‘‘ بچھو کہا جاتا ہے۔ اس کا زہر دنیا کا مہنگا ترین مائع ہے اور اس کا زہر انتہائی مہلک بھی ہے۔ اس بچھو کا کاٹا مکھی کے ڈنک سے 100 گنا تکلیف دہ ہوتا ہے اور بچوں اور بڑوں کو فوری طور پر مارڈالتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق ڈیٹھ اسٹاکر کا زہر کئی طرح کے پیچیدہ کیمیکل سے مل کر بنا ہوتا ہے اور اسی بنا پر دنیا بھر کے ماہرین اس کے زہر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ڈیتھ اسٹاکر بچھو کے زہر میں پیپٹائڈ کلورو ٹاکسن پایا جاتا ہے جو سرطانی دماغی رسولی کے علاج میں کام آتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ ذیابیطس کے علاج اور انسولین سازی میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے سائنس داں اور طبی ماہرین اس زہر میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔

لیکن اول تو ان بچھوؤں کی تعداد بہت کم ہے اور دوم ایک بالغ بچھو ایک وقت میں صرف دو ملی گرام زہر ہی فراہم کرتا ہے اور اسی وجہ سے اس کی قیمت ہوش رُبا ہے۔ ایک مرتبہ زہرنکالنے کے دو سے تین ہفتے بعد ہی بچھودوبارہ اتنا زہر بناپاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا مہنگا ترین زہر کہا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔