بھارت میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کی تصویر نصاب کا حصہ بن گئی

ویب ڈیسک  بدھ 24 مارچ 2021
 سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’چھچھورے‘‘ نے حال ہی میں بہترین ہندی فلم کا 67 نیشنل ایوارڈ جیتا ہے ، فوٹوفائل

سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’چھچھورے‘‘ نے حال ہی میں بہترین ہندی فلم کا 67 نیشنل ایوارڈ جیتا ہے ، فوٹوفائل

ممبئی: خودکشی کرنے والے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی تصویر کو بھارت کی مغربی بنگالی ریاست کے دارالحکومت کولکتہ کے اسکول میں نصابی کتاب کا حصہ بنادیا گیا۔

گزشتہ برس جون میں خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کو ایک سال گزرنے کے باوجود مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آج بھی ان کے مداحوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ اس ایک برس کے دوران کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے مداحوں کی جانب سے یاد نہ کیا گیا ہو۔

دنیا بھر میں موجود سشانت سنگھ کے لاکھوں مداح مسلسل اپنے پسندیدہ اسٹار سے متعلق جذباتی پوسٹ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں سشانت سنگھ راجپوت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تصویر کو نصابی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ کے کولکتہ میں موجود ایک مداح نے نصابی کتاب کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں سشانت سنگھ کی تصویر پرنٹ کی گئی ہے۔ سشانت کے دیگر مداحوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ یہ تیسری کلاس کی سائنس کی کتاب  ہے جس میں سشانت سنگھ راجپوت کی تصویر کو جانور اور انسان کے درمیان فرق دکھاتے ہوئے انسان کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

سشانت سنگھ کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ اسٹار کی تصویر کونصابی کتاب میں انسانی مثال کے طور پر استعمال کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کے ایک اور مداح نے آسٹریلوی ریاست وکٹوریا کے دارالحکومت میلبرن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جہاں ایک گارڈن میں سشانت سنگھ راجپوت کے نام پر ایک میموریل بینچ رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محض 34 سال کی عمر میں اپنی زندگی کا خاتمہ خود اپنے ہاتھوں سے کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’چھچھورے‘‘ نے حال ہی میں بہترین ہندی فلم کا 67 نیشنل ایوارڈ جیتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔