فلسطین نے زائد المیعاد ویکسین دینے پر اسرائیل سے معاہدہ منسوخ کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
فلسطین نے اسرائیل سے معاہدہ منسوخ کردیا، فوٹو: فائل

فلسطین نے اسرائیل سے معاہدہ منسوخ کردیا، فوٹو: فائل

اسرائیل نے فلسطین کو زائد المیعاد کورونا ویکسین فراہم کردیں جس پر احتجاج کرتے ہوئے فلسطین اتھارٹی نے ویکسین خریداری کے معاہدے کو منسوخ کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک معاہدے کے تحت اسرائیلی حکام نے مغربی کنارے کے رہائشیوں کو لگانے کے لیے کورونا ویکسین کی کھیپ  بھیجی تھی تاہم ان ویکسینز کی ایکسپائری انتہائی قریب تھی۔

فلسطین اتھارٹی نے زائد المیعاد ویکسین بھیجنے پر نہ صرف شدید احتجاج کیا بلکہ اسرائیل سے ویکسین خریدنے کے معاہدے کو بھی منسوخ کردیا۔ اسرائیل کی نئی حکومت نے غزہ کے علاقے میں ویکسی نیشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل میں ویکسی نیشن مکمل ہونے کے بعد پورے ملک میں معمولات زندگی کو بحال کردیا گیا ہے تاہم مغربی کنارے کے علاقے میں آباد 45 لاکھ فلسطینیوں کی ویکسی نیشن نہیں کی گئی تھی جس پر اسرائیل پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

اسرائیل میں قائم ہونے والی نئی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ مغربی کنارے میں ویکسینیشن کے لیے فائزر کی 14 لاکھ ویکسین فراہم کریں گے تاہم یہ ویکسین زاید المیعاد ہونے کے قریب ہوں گی۔

فلسطین اتھارٹی کے اسرائیل سے کورونا ویکسین کی خریداری کے معاہدے پر فلسطینی شہریوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور حماس نے بھی مخالفت کی تھی جس پر فلسطین کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ معاہدہ اسرائیل کے ساتھ نہیں بلکہ فائزر کمپنی کے ساتھ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔