مذاکرات سے ملک میں امن قائم ہوجائےتو اس سے بہتر کچھ نہیں وزیر اعظم

حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی جانب بڑھ رہی ہے، وزیراعظم

طالبان سے مذاکرات پرتمام سیاسی جماعتوں کواعتمادمیں لیا، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کے لئے امن ناگزیر ہے اور اگر مذاکرات سے ملک میں امن قائم ہوجائےتو اس سے بہتر کچھ نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ طالبان سے امن مذاکرات کا عمل تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، اس سلسلے میں دونوں جانب سے مذاکرات کے لئے نام سامنے آچکے ہیں، ان کی خواہش اور دعا ہے کہ امن کا جو راستہ اختیار کیا گیا ہے وہ کامیابی سے ہمکنار ہو، وہ ذاتی طور پر وزیر داخلہ کے ساتھ مل کر اس پورے عمل کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ روٹھے ہوئے بلوچ بھائیوں کو منانے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان بات کریں گے اور جہاں بھی ان کی ضرورت پیش آئی وہ بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔


اس سے قبل لاہور میں سینیئر تجزیہ نگاروں اور صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے انہیں طالبان سے مذاکرات سمیت ملک کو درپیش دیگر چیلنجز اور اس کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشتگردی اور معاشی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور معیشت کی بحالی کے لئے امن ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ملک میں مذاکرات سے امن قائم ہوجائےتو اس سے بہتر کچھ نہیں، حکومت کی جانب سے پوری سنجیدگی اور نیک نیتی سے مذاکرات کی کوشش کی جارہی ہے، اس سلسلے میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لیا اور پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کمیٹی کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں مذاکرات کی کامیابی پر لگی ہوئی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
Load Next Story