تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا طالبان سے مذاکرات اور عمران خان کی شمولیت پر غور

اجلاس میں غورکیا جارہاہے کہ عمران خان کے بجائے طالبان کی کمیٹی کے لئے دوسرا نام تجویز کیاجائے تو وہ کتنا موثرہوسکتا ہے


ویب ڈیسک February 03, 2014
طالبان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کو بھی نامزد کیا ہے۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی کور کمیٹی، طالبان سے مذاکرات اور طالبان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی نامزدگی کے حوالے سے غور کررہی ہے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے پارٹی اجلاس میں مخدوم جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، جہانگیر ترین، اسد عمر، پرویز خٹک اور دیگر رہنما شریک ہیں، تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کے مطابق حکومت کی جانب سے طالبان سے مذاکراتی کمیٹی کے اعلان کے بعد کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اب اس میں طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی نامزدگی اور اس سے متعلقہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ طالبان کی کمیٹی میں نامزدگی کے بعد عمران خان مذاکرات میں کیا کردار ادا کرسکتے ہیں اور اگر عمران خان کی بجائے پارٹی کی جانب سے کسی دوسری شخصیت کا نام کمیٹی کے لئے تجویز کیا جائے تو وہ کس قدر موثر ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے بعد طالبان نے بھی 5 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا جس میں عمران خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں