آریان خان نشے کا باقاعدہ عادی ہے، این سی بی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 اکتوبر 2021
شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان باقاعدہ منشیات کے عادی ہیں، این سی بی فوٹوفائل

شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان باقاعدہ منشیات کے عادی ہیں، این سی بی فوٹوفائل

ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کہا ہے کہ آریان خان نشے کا باقاعدہ عادی ہے۔

ممبئی کی سیشن کورٹ میں منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت جاری ہے۔ جمعرات کو ہونے والی سماعت میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے وکیل انیل سنگھ نے عدالت میں کہا یہ حقیقت ہے کہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں ضمانت ملنی چاہئے۔

انیل سنگھ نے آریان خان کے کیس کا موازنہ اداکارہ ریحا چکربورتی کے بھائی شویک چکربورتی سے کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس سے بھی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی لیکن اس وقت عدالت نے کہا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جارہی ہیں۔

انیل سنگھ نے عدالت میں آریان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دلیل دیتےہوئے کہا عدالت میں پیش کیے جانے والے ریکارڈوشواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان گزشتہ چند برسوں سے باقاعدہ منشیات کے عادی ہیں۔ آریان خان کے ساتھ گرفتار ہونے والے ارباز مرچنٹ کے پاس سے جو منشیات بر آمد ہوئی وہ ان دونوں کے استعمال کے لیے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے

بدھ کے روز نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کی خصوصی عدالت میں پیش ہونے والی آریان خان کی ضمانت کی درخواست کے جواب میں این سی بی نے آج دلائل دیتے ہوئے کہا یہ غیر اہم ہے کہ کتنی منشیات برآمد ہوئی کیونکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آریان خان منشیات کا باقاعدہ عادی ہے اور ارباز مرچنٹ کے ذریعے منشیات خریدتا ہے۔

انیل سنگھ نے عدالت میں مزید کہا این ڈی پی ایس ایکٹ میں ایسی دفعات ہیں جن کا منشیات کی مقدار سے کوئی لینا دینا نہیں لہذا یہ کہنے کی کوئی دلیل نہیں بن سکتی کہ سزا صرف ایک سال کے لیے ہے۔ ایک بار جب منشیات فروشوں سے کنیکشن قائم ہوجائے تو مقدار اہم نہیں ہوتی۔ انیل سنگھ نے کہا میری عدالت سے گزارش ہے کہ یہ کیس ضمانت کا نہیں ہے۔

این سی بی کے وکیل نے مزید کہا ’’مجرم ثابت ہونے تک بے گناہ‘‘ نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کے جرائم کے مقدمات میں لاگو نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: این سی بی نے آریان خان کو ’’سپر ڈوپر اسٹار‘‘ بنادیا، رام گوپال ورما

یاد رہے اس سے قبل ممبئی کی سیشن کورٹ میں بدھ کے روز آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تھی تاہم این سی بی کے وکیل کے دلائل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے سماعت جمعرات (آج) تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

گزشتہ روز ہونے والی سماعت  کے دوران آریان خان کے وکیل امیت دیسائی نے موقف اختیار کیا تھا کہ آریان کے پاس نقدی نہیں تھی اس لیے وہ منشیات خرید ہی نہیں سکتے تھے اور جب انہوں نے منشیات خریدی ہی نہیں تو انہوں نے لی بھی نہیں۔

امیت دیسائی نے ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے کئی بار یہ بات دہرائی تھی کہ آریان خان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں پائی گئیں اور صرف 6 گرام منشیات ارباز مارچنٹ کے پاس سے برآمد ہوئی۔ امیت دیسائی نے یہ بھی کہا تھا کہ آریان خان کروز پر بھی موجود نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان منشیات کیس میں گرفتار

واضح رہے کہ بدھ کے روز ہونے والی سماعت میں انیل سنگھ نے عدالت میں  دلیل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آریان خان اور ارباز مرچنٹ دوست ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو کافی سالوں سے جانتے ہیں۔ اگرچہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی لیکن وہ منشیات کے بارے میں جانتے تھے۔

دوران سماعت این سی بی کے وکیل نے عدالت میں آریان پر منشیات کی غیرقانونی اسمگلنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ آریان کی واٹس ایپ چیٹ میں زیادہ مقدار میں منشیات کا انکشاف ہوا تھا جو کہ صرف ایک شخص کے استعمال کے لیے نہیں ہوسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔