پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے ویسٹ انڈیز ٹیم آج کراچی پہنچے گی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 8 دسمبر 2021
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد مقامی ہوٹل میں کوویڈ 19 ٹیسٹ لیے جائیں گے - فوٹو:فائل

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد مقامی ہوٹل میں کوویڈ 19 ٹیسٹ لیے جائیں گے - فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آج صبح ساڑھے دس بجے کراچی پہنچے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں کامیابی پانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل قومی اسکواڈ کے کھلاڑی شام ساڑھے 6 بجے کراچی پہنچیں گے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد مقامی ہوٹل میں کوویڈ 19 ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کے  بعد کھلاڑی اور آفیشلز ایک دن کے لیے قرنطینہ کریں گے، جمعہ کو دونوں ٹیموں کا نیشنل اسٹیڈیم میں بیک وقت الگ الگ پہلا پریکٹس سیشن طے ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے 13 تا 22 دسمبر نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول  تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور اتنے ہی اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میچز کے لیے تفصیلات کا اعلان کیا ہے، پروگرام کے مطابق 10 دسمبر کو دونوں ٹیمیں رات ساڑھے سات  سے ساڑھے  گیارہ بجے تک نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شریک ہوں گی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم  کے ہیڈ کوچ فل سیمنز آن لائن ورچوئل میڈیا کانفرنس کریں گے، اگلے روز 11 دسمبر کو بھی دونوں ٹیمیں رات ساڑھے سات  سے ساڑھے  گیارہ بجے تک پریکٹس سیشن کریں گی ، تاہم کوئی میڈیا سرگرمی نہیں ہوگی، 12 دسمبر کو  پاکستان کے کپتان بابر اعظم  صبح 11 بجے ورچوئل میڈیا کانفرنس کریں گے۔

بعد ازاں شام  میں ویسٹ انڈیز اپنی پری سیریز ورچوئل میڈیا کانفرنس کا انعقاد کرے گا جبکہ دونوں ٹیمیں کا رات ساڑھے سات  سے ساڑھے  گیارہ بجے تک پریکٹس سیشن  طے ہے، 13 دسمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ  کا آغازشام 6 بجے ہوگا، میچ سے نصف گھنٹے پہلے شام ساڑھے پانچ بجے قبل ٹاس ہوگا، میچ کے اختتام پر پی سی بی اور سی ڈبلیو آئی ویڈیو انٹرویو جاری کریں گے، اگلے روز 14 دسمبر کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ  کھیلا جائے گا۔

حسب سابق میچ  کا آغازشام 6 بجے ہوگا اور میچ سے نصف گھنٹے قبل شام ساڑھے پانچ بجے قبل ٹاس ہوگا، 14 دسمبر کو دونوں ٹیمیں رات ساڑھے سات  سے ساڑھے  گیارہ بجے تک اختیاری تربیتی سیشن کریں گی، 16 دسمبر کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ  کا آغازشام 6 بجے ہوگا، میچ سے نصف گھنٹے قبل شام ساڑھے پانچ بجے ٹاس ہوگا،میچ کے بعد دونوں کپتانوں کی ورچوئل میڈیا کانفرنسز ہوں گے، 17 دسمبر کو دونوں ٹیمیں  سہ پہر ساڑھے تین سے شام ساڑھے چھ بجے تک اختیاری تربیتی سیشن کریں گی، دونوں ممالک کےدرمیان 18 دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ دوپہرایک بجے  شروع ہوگا۔

قبل ازیں ساڑھے بارہ بجے ٹاس ہوگا، میچ کے بعد ورچوئل میڈیا سیشن ہوگا، اگلے روز 19 دسمبر کو دونوں ٹیمیں  کا سہ پہر ساڑھے تین سے شام ساڑھے چھ بجے تک اختیاری تربیتی سیشن  طے ہے، دوسرا ون ڈے 20 دسمبر کو حسب سابق دوپہرایک بجے  شروع ہوگا۔

قبل ازیں ساڑھے بارہ بجے ٹاس ہوگا، میچ کے بعد ورچوئل میڈیا سیشن ہوگا،21 دسمبر کو دونوں ٹیمیں  سہ پہر ساڑھے تین سے شام ساڑھے چھ بجے تک اختیاری تربیتی سیشن میں شرکت کریں گے، 22 دسمبر کو  تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کھیلا جائے گا،ایک بجے دوپہر شروع ہونے والے میچ سے نصف گھنٹے قبل دوپہر ساڑھے 12 بجے ٹاس ہونا ہے، میچ کے بعد سیریز کا اختتامی ورچوئل میڈیا سیشن ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔