عامر خان آئی پی ایل میں جگہ بنانے کیلئے کوشاں، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اپريل 2022
28 اپریل کو مداحوں کو زبردست کہانی سنانے والا ہوں، عامر خان

28 اپریل کو مداحوں کو زبردست کہانی سنانے والا ہوں، عامر خان

 ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کےلیے کوششیں کرنے لگے۔

بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے مداحوں سے رابطہ رکھنے کیلئے سوشل میڈیا کا تواتر سے استعمال کیا جاتا ہے مگر مسٹر پرفیکٹشنسٹ عامر خان اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے پوسٹیں شیئر کرنے میں دیگر فنکاروں پر سبقت رکھتے ہیں۔

بالی ووڈ خان نے جمعے کے روز بھی اپنی ایک ویڈیو آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں وہ کرکٹ کھیلتے نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسٹر پرفیکٹشنسٹ آگے بڑھ کر شاٹ کھیلتے ہیں اور پھر کیمرے کے سامنے کھڑے ہوکر مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’کیا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں موقع مل سکتا ہے؟‘

اسی ویڈیو میں اپنے مداحوں کو بتاتے ہیں کہ 28 تاریخ کو وہ ایک کہانی سنانے والے ہیں، جس کیلئے بہت پُرجوش ہیں۔

اداکار عامر خان کی کھیلوں سے محبت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، اداکار کھیلوں کے حوالے سے متعدد فلمیں ریلیز کرچکے ہیں جو باکس آفس پر کافی ہٹ ہوئی تھی جس میں ’لگان اور دنگل‘ سرفہرست ہیں جو اب بھی سنیما گھروں پر راج کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ لگان فلم بھی کرکٹ پر بنائی گئی تھی، فلم میں ایک بھارت کا ایک مقامی گاؤں دکھایا گیا جو دوگنا ٹیکس دینے میں رعایت مانگتا ہے تو برطانوی آرمی آفیسر گاؤں والوں سے کرکٹ میں شکست دینے کی شرط رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔