مذاکرات کا مقصد امن قائم کرنا ہے مگر قوم ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار رہےحمزہ شہباز

مذاکرات کے دوران ملک میں جس طرح کا امن ہونا چاہئے تھا وہ ابھی تک نظر نہیں آرہا، رکن قومی اسمبلی

ماضی میں سیاسی بھرتیاں کر کے پولیس کا نظام خراب کیا گیا، حمزہ شہباز ۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے ملک میں امن چاہتی ہے مگر قوم اس سلسلے میں ہرقسم کی صورتحال کے لئے تیار رہے۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے یہ بات طے کرلی ہے کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے کیونکہ ہمارے جوانوں اور شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے اگر روز لاشیں گرتی رہیں تو معیشت کیسے سنبھلے گی کیوں کہ قوم اب لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل بہت شفاف ہے، وزیراعظم نواز شریف اس معاملے پرعمران خان کے گھر بھی گئے، مذاکرات کے دوران ملک میں جس طرح کا امن ہونا چاہئے تھا وہ ابھی تک نظر نہیں آرہا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری ہے اور انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ عوام بھی آپریشن سے متعلق حکومتی موقف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بھرتیاں کر کے پولیس کا نظام خراب کیا گیا۔ پنجاب پولیس میں اصلاحات نافذ کر دی ہیں اور سپاہی کی تعیناتی کے لئے بھی ایک نظام وضع کیا ہے۔
Load Next Story