اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچ گئے ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات، پولیس اور رینجرز کا فلیگ مارچ، ریڈزون کا راستہ بند کردیا گیا

اسلام آباد انتظامیہ نے لانگ مارچ کے تناظر میں حفاظتی اقدامات شروع کردیے (فوٹو فائل)

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے سلسلے میں اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں جب کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ہزاروں اہل کار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں جب کہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی منگوالی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا ممکنہ دھرنا، دارالحکومت کو ایک ہفتے کیلیے سِیل کرنے کی تیاری

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے اہم اور حساس علاقوں کے راستوں پر کنٹینرز پہنچانے کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار بھی تعینات کردیے ہیں۔ سندھ پولیس کے اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے تناظر میں 13 ہزار سے زائد سکیورٹی اہل کار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی منگوائی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے لانگ مارچ کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈزون کی جانب جانے والے راستوں کو بھی بند کردیا جائے گا۔


 
Load Next Story