لانگ مارچ میں خاتون رپورٹر جاں بحق وزیراعظم کا 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی مرحومہ کے اہلخانہ کیلیے 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے

—فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ میں کنٹینر کے نیچےآکر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لیے 50 جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے 25 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ کے شوہر سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس اور تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں، جانی نقصان کا ازالہ ہرگز ممکن نہیں لیکن پسماندگان سے ہم ہرممکن تعاون اور مدد کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مرحومہ کے اہلخانہ کیلیے 25 لاکھ روپے امداد


دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مرحومہ صدف کی فیملی کے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صدف نعیم کے اہلخانہ کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ میں شامل صحافیوں کے جان و مال کی مکمل ذمہ دار ہے، بلاول

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی وسماجی ایونٹ میں عوام اور صحافیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے انتظامات کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 10 دن پر مشتمل عوامی لانگ مارچ ترتیب دیا اور حادثات کو مدنظر رکھ کر انتظامات کیے، پی ٹی آئی تنظیم لانگ مارچ میں شامل عوام اور صحافیوں کے جان و مال کی مکمل ذمہ دار ہے۔

 
Load Next Story