فیروز خان نے سابقہ اہلیہ علیزے کے خلاف نئی درخواست دائر کردی

کورٹ رپورٹر  منگل 1 نومبر 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: پاکستان شوبز کے معروف اداکار فیروز خان کے نے سابقہ اہلیہ علیزے کیخلاف عدالت میں نئی درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز رپورٹ کے مطابق فیملی کورٹ شرقی کی عدالت میں معروف اداکار فیروز خان اور علیزے کے درمیان بچوں کی حوالگی اور اخراجات سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

فیروز خان کے وکیل نے علیزے کیخلاف نئی درخواست دائر کردی۔ درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ علیزے نے جھوٹے دستاویزات عدالت میں جمع کروائے ہیں  جبکہ اُنہوں نے تھانے میں کوئی بھی درخواست نہیں دی تھی، علیزے نے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

فیروز خان کے وکیل نے استدعا کی کہ  عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش پر علیزے کیخلاف کارروائی کی جائے۔

علیزے کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ہم نے خود کہا تھا کہ تھانے میں کوئی دستاویزات جمع نہیں کروائیں کیوںکہ علیزے اُس وقت فیروز خان کے نکاح میں تھیں تاہم بچوں کے مستقبل اور اپنی شادی بچانے کیلئے علیزے نے تھانے میں کوئی درخواست دائر نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تشدد کے ثبوت سامنے آنے کے بعد فنکار علیزے سلطان کے حق میں بول پڑے

عدالت نے  فیروز خان کی علیزے کیخلاف نئی درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے  اخرجات سے متعلق درخواست کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کرد ی جبکہ بچوں کی حوالگی سے متعلق درخواست 29 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ علیزے سلطان کی جانب سے سابق شوہر فیروز خان پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس کے ثبوت بھی عدالت میں پیش کیے گئے تھے تاہم فیروز خان نے علیزے کے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔