وینا ملک والد سے بچوں کی ملاقات کروائیں، عدالت کا حکم

کورٹ رپورٹر  بدھ 16 نومبر 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: عدالت نے اداکارہ وینا ملک کو بچوں کی والداسد خٹک سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس  نیوز رپورٹ کے مطابق  جسٹس صلاح الدین پہنور کے روبرو اداکارہ وینا ملک اور اسد خٹک کے درمیان بچوں کی حوالگی کے تنازعے پر فیملی کورٹ کے بچوں کو پیش کرنے کے حکم کے خلاف وینا ملک کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالتی حکم پر وینا ملک دونوں بچوں کو بھی اپنے ہمراہ عدالت لائی جہاں جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ بچوں کے معاملے میں والدین بہترین جج ہوتے ہیں۔

عدالت  نے وینا ملک کو بچوں کے والد اسد خٹک سے بچوں کی دو گھنٹے کی ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے دونوں فریقین کو مشورہ دیا کہ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کی کوشش کریں۔

اداکارہ کے وکیل نے موقف دیا کہ یہ کوشش کی جارہی ہے، توقع ہے معاملہ حل ہوجائیگا۔ جبکہ اسد خٹک  کے وکیلنے مؤقف دیا کہ ہمیں خدشہ ہے وینا ملک بچوں کو بیرون ِملک لے جائیں گی۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ اگر لے جائیں گی تو ملاقات کیلئے واپس بھی لائیں گی بچوں سے ملاقات والد کا حق ہے۔ وینا ملک نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ جب عدالت کا حکم ہوگا بچوں کو ملاقات کیلئے لے آئیں گی۔

عدالتی حکم پر 2 گھنٹے بچوں کی والد اسد خٹک سے ملاقات کرائی گئی جس کو اُنہوں نے خوشگوار قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 4 سال بعد بچوں سے ملا مجھے بہت اچھا لگا، کون سے والدین ہیں جو نہیں چاہیں گے کہ بچوں کی دیکھ بھال نہ ہو۔ بچوں سے ملنا میرا قانونی اور آئینی حق ہے۔

یاد رہے کہ وینا ملک اور اس خٹک 2013 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ 2017 میں دونوں نے راہیں جُدا کرلی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔