ملتان خزانے کی لالچ میں نوجوان منوں مٹی تلے دب گیا
گھڑا بہت تنگ ہے جہاں ہیوی مشینری نہیں لائی جاسکتی تاہم لاش نکالنے کیلئے پڑوسی گھروں کو منہدم کرنا پڑے گا،ریسکیو آفیسر۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز
ملتان میں جعلی پیرکے کہنے پر خزانے کی تلاش میں گڑھا کھود کراس میں اترنے والے نوجوان کو تاحال منوں مٹی تلے سے نہیں نکالا جا سکا جب کہ ریسکیو 1122 نے اپنا آپریشن بھی روک دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کے لالچی ماں باپ نے جعلی پیر کے کہنے پر خزانے کی تلاش کیلئے گھر میں گھڑا کھود کر اس میں اپنے لخت جگر کو ہی اتار دیا، خزانہ تلاش کرنے کیلئے جانے والا ذیشان گھڑے میں تو اترا لیکن پھر واپس نہیں آیا، ذیشان کی تلاش میں ہفتہ کی رات سے جاری ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد روک دیا گیا۔
ذیشان کے والد عالم قریشی کے مطابق راہ چلتے ایک پیر نے ان کے گھر کے نیچے زیرزمین خزانے کے بارے میں بتایا اور لالچ میں آکر انہوں نے اپنے بیٹے اور مزدوروں کی مدد سے 30 فٹ سے زائد گہرے گڑھے کی کھدائی کی لیکن ہفتہ کی رات اچانک ملبہ گرنے کے باعث ذیشان اندر ہی پھنس کر رہ گیا۔
دوسری جانب ریسکیو افسر ڈاکٹر خالد کاکہنا ہے کہ خزانے کی تلاش کیلئے کھودا گیا گھڑا بہت تنگ ہے جہاں ہیوی مشینری نہیں لائی جاسکتی اور لاش نکالنے کیلئے پڑوسی گھروں کو منہدم کرنا پڑے گا جبکہ پولیس نےلالچی ماں باپ عالم قریشی اوراس کی اہلیہ یاسمین کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔