مالدووا کے ہوائی اڈے پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک حملہ آور گرفتار

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مسلح شخص کو حراست میں لے لیا

مالدووا ایئرپورٹ پر فائرنگ میں بارڈر سیکیورٹی اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکار ہلاک ہوگئے؛ فوٹو: ٹوئٹر

مشرقی یورپی ملک مالدووا کے دارلحکومت کے ہوائی اڈے پر مسلح شخص نے بارڈر فورس کے افسر اور ہوائی اڈے کے سیکیورٹی ملازم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک شخص کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اس نے مشتعل ہوکر سیکیورٹی اہلکار سے اسلحہ چھین لیا اور فائرنگ کردی۔

فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے فائرنگ کرنے والے 43 سالہ شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جب کہ ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔ گرفتار شخص کا تعلق تاجکستان سے بتایا جا رہا ہے۔


فائرنگ کرنے والا مسافر استنبول سے مالدووا پہنچا تھا اور اس وقت غصے میں آگیا جب اس سے مالدووا آنے کی ٹھوس وجہ بتانے میں ناکامی پر واپس استنبول بھیجا جا رہا تھا۔

پولیس نے اس واقعے میں دہشت گردی کا عنصر شامل ہونے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ انفرادی عمل تھا جو غصے اور ہیجان کے باعث پیش آیا۔

واضح رہے کہ مشرقی یورپی ملک مالڈووا نے 1991 میں سوویت یونین سے آزادی کا اعلان کیا تھا اور وہ یورپی یونین میں شامل ہونے پر زور دے رہا ہے۔

 

 
Load Next Story