مسلم لیگق کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالنے کا اعلان

جو لوگ فوج کیخلاف ملک دشمنوں کیساتھ مل کر مہم چلا رہے ہیں ان کیلئےواضح پیغام ہے کہ ساری قوم فوج کے ساتھ ہے،پرویزالہیٰ

افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی سے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، چوہدری پرویز الٰہی۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ(ق) نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالیں گے جس کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گے اور اس کے بعد صوبے بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان کہنا تھا کہ پنجاب کے بعد ہم دیگر صوبوں اور ملک بھر میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں گے۔


پرویز الٰہی نے کہا کہ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی سے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور جو لوگ پاک فوج کے خلاف ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر مہم چلا رہے ہیں ان کے لیے بھی یہ واضح پیغام ہوگا کہ ساری قوم فوج کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے پاکستان وجود میں آیا ملک کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کا ساتھ دیا، چاہے وہ زلزلہ ہو سیلاب یا پھر جنگیں ہوں فوج ہر وقت ملک کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج پاکستان کی سلامتی کا ادارہ ہے اور ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم سب اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے تاجر،سول سوسائٹی، فلاحی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالیں گئیں، ریلیوں کے شرکا نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کی تصاویر والے بینرز اٹھا رکھے تھے،شرکا نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے حق میں نعرے لگائے اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر جیو ٹیلی ویژن کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
Load Next Story