تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دیدی جائے گی لیکن کنٹینر سیاست قبول نہیں چوہدری نثار
اگر اسلام آباد میں اسلحہ لانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا، وفاقی وزیرداخلہ فوٹو: اے پی پی
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی مشروط اجازت دے دی جائے گی لیکن کنٹینر سیاست کسی صورت قبول نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے حساس علاقوں میں جلسے روایت بن چکے ہیں ، دنیا کے کسی ملک میں حساس اداروں اور عمارتوں کے سامنے احتجاج نہیں ہوتا لیکن سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلیو ایریا میں احتجاج کی ضد سمجھ سے بالا ہے، اگر جلسوں کو روکا جائے تو ہیومن رائٹس والے آجاتے ہیں، اداروں کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لئے بضد تھے، انہیں اس کی اجازت دی جائے گی لیکن اگر کسی کارکن کی جانب سے اسلام آباد میں اسلحہ لانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا، اگر کسی شخص کے پاس اسلحہ یا کوئی شے جو بطور ہتھیار استعمال ہوسکتی ہے برآمد ہوئی تو پوری گاڑی کو روک کر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کا کہنا تھا ایک دوسری پارٹی بھی احتجاج میں شرکت کے لئے پرتول رہی ہے، اسلام آباد کمرشل حب ہے جہاں چند لوگ اکٹھے ہو کر طوفان بدتمیزی برپا کر سکتے ہیں، پچھلے دور میں یہاں معصوم بچوں اور خواتین کو جمع کر کے سیاست چمکانے کی کوشش کی جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لئے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کی خدمات لی جائیں گی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اداروں کو بھی ہدایت کہ ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ کوئی شخص اسلام آباد کی حدود میں اسلحہ لے کر داخل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جلسے کےلئے کنٹینرز لانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اسٹیج کے لئے کنٹینرز بھی اہلکاروں کی موجودگی میں لگائے جائیں گے۔