کراچی کے 14 سالہ حسنین اختر نیشنل جونیئر اسنوکر چیمپئن بن گئے

محمد یوسف انجم  پير 8 جنوری 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

فوٹو: ایکسپریس ویب

 لاہور: کراچی کے چودہ سالہ حسنین اختر نیشنل جونیئر اسنوکر چیمپئن بن گئے، فائنل میں پنجاب کے محمد اسلم کو ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر لاہور میں کھیلی گئی انڈر ٹوئنٹی ون سنوکر چیمپئَن شپ میں مجموعی طور پر سولہ کیوئسٹ نے حصہ لیا، فائنل میں سندھ کے حسنین اختر اور پنجاب کے محمد اسلم مدمقابل تھے۔

حسنین نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے فتح پائی۔ حسنین نے اس سے پہلے انڈر سیون ٹین ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا جس میں انہوں نے پنجاب کے علیم اویس کو ہرایا تھا۔ مختلف ایج گروپ میں لگاتار دو ٹائٹل جیتنے والے وہ پہلےکھلاڑی بھی بنے ہیں۔

اختتامی تقریب میں پنجاب سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ایم بی غوری نےانعامات تقسیم کیے۔ انکا کہنا تھا کہ محمد حسنین کی شکل میں پاکستان کو ایک زبردست کیوئسٹ ملا ہے جو بہت آگے جاسکتا ہے۔

حسنین اختر اور محمد اسلم پاکستان کی اسنوکر فیملی میں دونوں بہت اچھا اضافہ ہیں، عمدہ کارکردگی پر دونوں نیشنل اسنوکر چیمپئئن شپ میں شرکت کے اہل بن گئے ہیں۔

دو ٹرافیاں جیتنے والے محمد حسنین نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرکے مزید محنت کرکے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہترین رزلٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔