اسرائیل پر مزید حملوں سے متعلق ایران کے آرمی چیف کا بیان سامنے آگیا

ویب ڈیسک  اتوار 14 اپريل 2024
صیہونی ریاست نے ہماری ریڈ لائن کراس کی تھی؛ ایرانی آرمی چیف

صیہونی ریاست نے ہماری ریڈ لائن کراس کی تھی؛ ایرانی آرمی چیف

تہران: ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے اس لیے کیے کیوں کہ صیہونی ریاست نے ایران کی سرخ لکیر کو عبور کیا تھا اور یہ ناقابل قبول ہے۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ صیہونی ریاست کا شام میں ایران کے قونصل خانے کو نشانہ بنانے اور ایرانی قانونی مشیروں کو شہید کرنا ہماری ریڈ لائن تھی۔

یہ خبر پڑھیں : ایران کا اسرائیل پر حملہ، 300 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل فائر کردیے

میجر جنرل محمد باقری نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا اور اب مزید حملے جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں البتہ اسرائیل نے دوبارہ کوئی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ایران کا اسرائیل پر حملہ؛ فلسطینیوں کا مسجد اقصیٰ کے باہر جشن

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل فائر کیے اور صیہونی ریاست کی درجنوں تنصیبات کو کامیابی سے ہدف بنایا جب کہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کے تمام ڈرونز کو فضا میں ناکارہ بنادیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔