شکست خوردہ اسپین کی ٹیم کا طیارہ وطن واپسی پر آسمانی بجلی کی زد میں آگیا

اے ایف پی/ویب ڈیسک  منگل 24 جون 2014
میڈرڈ ایئرپورٹ پرطیارے کے لینڈ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا،ترجمان ایئرپورٹ فوٹو: اے ایف پی

میڈرڈ ایئرپورٹ پرطیارے کے لینڈ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا،ترجمان ایئرپورٹ فوٹو: اے ایف پی

میڈرڈ: کہتے ہیں کہ جب ایک بار بدقسمتی کسی گھر کا دروازہ دیکھ لے توہ آسانی سے پیچھا نہیں چھوڑتی اور ایسا ہی کچھ ہوا ہے اسپین کی فٹبال ٹیم کے ساتھ، ورلڈکپ میں پہلے ہی راؤند میں باہر ہوجانے کے بعد وطن واپسی پر جیسے ہی اسپین کی ٹیم کا طیارہ لینڈ کرنے والا تھا کہ وہ آسمانی بجلی کی زد میں آگیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔

دفاعی چمییئن اسپین ورلڈ کپ میں گئی تو بڑی امیدوں اور توقعات کے ساتھ بلکہ فٹبال کے ماہرین تو اسے آخری 4 ٹیموں میں دیکھ رہے تھے لیکن ساری امیدوں پر پانی اس وقت پھر گیا جب پہلے ہی میچ میں  ہالینڈ نے ہسپانوی ٹیم کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا تاہم یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ رہی سہی کسر چلی نے پوری کردی۔ چلی نے اسپین کو جب 0-2 سے شکست دی تو اسپین کے شائقین پر سکتہ طاری ہوگیا۔ آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف فتح نے کس قدر شکست کے زخم مندمل تو کردیئے لیکن اب واپسی کا سفر تو مقدر بن گیا۔

اتنی مایوسی اور غمگین چہروں  کے ساتھ ہسپانوں ٹیم نے وطن واپسی کا سفر شروع کیا تو یہ اداسی اس وقت خوف میں بدل گئی جب ٹیم کا طیارہ میڈرڈ میں لینڈ کرنے سے صرف چند سیکنڈ قبل آسمانی بجلی کی زد میں آگیا۔ ایئر پورٹ ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے سے  کوئی نقصان نہیں ہوا، بہرحال اسپین کے فٹبال کے سفر کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ جیسا آغاز ویسا اختتام۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔