پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے دوران طالبان کا میڈیا سیل پکڑ لیا
آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان سے تین بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد بنانے والی فیکٹری بھی برآمد ہوئی، فوٹو: آن لائن /فائل
پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کےدوران طالبان کا میڈیا سیل پکڑ لیا جس میں موجود بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر تابڑ توڑ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی تازہ کارروائی میں فورسز نے ایک ہوٹل میں قائم طالبان کا میڈیا سیل اور خودکش بمباروں کا ٹریننگ سینٹر بھی پکڑ لیا ہے جبکہ ہوٹل میں موجود کمپیوٹرائز نظام سے منسلک بارودی سرنگ کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان سے 3بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد بنانے والی فیکٹری بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ علاقے میں اینٹی ٹینک سرنگوں کو بھی ناکارہ بنایا گیا ہے۔