پشاور میں بارش نے پیسکو کے بجلی نظام کا پول کھول دیا
پشاور میں بارش نے پیسکو کے بجلی نظام کا پول کھول کے رکھ دیا ہے جب کہ گزشتہ شب پشاور میں بارش کے ساتھ ہی پورے شہر کا بجلی نظام ٹرپ کر گیا۔
رپورٹ کے مطابق پیسکو حکام کے دعووں کے باوجود 10 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی، بادلوں اور بارش سے گھروں پر نصب سولر سسٹم بھی کام چھوڑ گیا۔
بجلی نہ ہونے سے سولر سسٹم اور یو پی ایس کو لگی بیٹریوں نے بھی کام چھوڑ دیا ہے، پشاور سمیت صوبے کے تمام میدانی اور بلائی علاقوں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، پشاور میں اب تک 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برف باری سے آمد و رفت میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پشاور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، بارش سے پشاور کی سڑکوں پر پانی آنے سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہونے لگا ہے۔
بارش سے سردیاں لوٹ آیئں ہیں، لوگوں نے پھر سے گرم ملبوسات پہن لی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ رواں ہفتے میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔